پانی بحران اور بجلی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ نے عوام کودوہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

پیر 4 مئی 2015 18:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کراچی سمیت پورے صوبہ میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور پانی کے شدیدبحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ حکمران بجلی بُحران کو ختم کرنے کے عملی اقدامات کرکے انتخابات میں قوم سے کئے گئے وعدے پورے اوراپنے منشور پر عمل کریں۔

انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ موسم گرما کے شروع ہوتے ہی ملک کے سب سے بڑے شہر اور صوبائی دارالحکومت کراچی میں پانی کا شدید بحران پیدا کردیا گیا ہے،شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبورہے ہیں ۔مہنگائی،بے روزگاری اور بدامنی نے پہلے ہی عوام کی قمر توڑکررکھ دی ہے،اب پانی بحران اور بجلی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ نے عوام کودوہرے عذاب اور زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔

(جاری ہے)

کئی علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کادورانیہ 6سے18گھنٹے کردیا گیا ہے جبکہ واٹربورڈ کے عملے کی نااہلی وکرپشن کی وجہ سے بعض علاقوں میں 15دنوں تک بھی پانی فراہم نہیں کیا جاتا مگر اس کے برعکس ٹینکر مافیا کوبلا تعطل پانی کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔حبس ،شدید گرمی اور پانی بُحران نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔کراچی کی بڑی آبادیاں نارتھ کراچی،سُرجانی،احسن آباد،گلشن اقبال،لانڈھی،کورنگی اوراورنگی ٹاؤن سمیت کئی علائقے پانی بحران کی شدید لپیٹ میں ہیں۔

اس صورتحال کے پیش نظر ہر جگہ شہری سراپا احتجاج ہیں مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔گاؤں دہیات میں تو پھر بھی بور یا ہینڈ پمپ کے ذریعے اس کمی کو پورا کیا جاتا مگر کراچی کے لوگ تو اس نعمت سے بھی محروم ہیں ،کیوں زیرزمین پانی کی کمی یا پھر بور ہوبھی جائے تو کڑوا اور پینے کے قابل نہیں ہوتا۔ شہری پانی کی بوند بوند سے ترس رہے ہیں،یزیدی کردار کے حامل مافیا نے کراچی کو بھی کربلا بنا دیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں پانی کی کمی اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے موئثر اقدامات کئے جائیں۔ٹیکرز اورغیرقانونی ہائڈرنٹس کے ذریعے پانی چوری کرنے والی مافیا اورملوث بااثر لوگوں کے خلاف بھی آپریشن کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

متعلقہ عنوان :