وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا اجلاس، کمیشن کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

اوورسیز پاکستانیز کمیشن دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں موثر کردار ادا کر رہا ہے‘ شہباز شریف عوام کی آگاہی کیلئے بیرون ممالک میں روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے، جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے، کمیشن غیر ممالک میں رہنے والے ہموطنوں کے مسائل کے حل ،خدمت کیلئے بنایا گیا ہے، کارکردگی کی مانیٹرنگ خود کر رہا ہوں،اجلاس سے خطاب

پیر 4 مئی 2015 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا قیام حکومت کا ایک مستحسن اقدام ہے اور یہ کمیشن دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں موثر کردار ادا کر رہا ہے،عوام کی آگاہی کیلئے بیرون ممالک روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے تاکہ اوورسیز پاکستانیز اپنے مسائل کے حل کیلئے اس ادارے سے پوری طرح مستفید ہو سکیں، اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

وہ یہاں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں کمیشن کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

کمشنر اوورسیز پاکستانیز پنجاب افضال بھٹی نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب ایک موثر ادارہ ہے جو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور ان کی خدمت کیلئے بنایا گیا ہے۔

میں ذاتی طور پر اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کنندہ خواہ وہ ملک کے کسی بھی حصے میں رہتا ہو، اگر اس کا مسئلہ پنجاب میں ہے تو اس کے حل کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں۔ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب ویڈیو لنک ٹیکنالوجی سے بھی بھرپور استفادہ کرے۔

اجلاس میں کمیشن کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر اوورسیز پاکستانیز پنجاب افضال بھٹی نے کمیشن کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک دیار غیر میں بسنے والے بہت سے پاکستانیوں کی شکایات کا ازالہ کرکے انہیں ریلیف دیا گیا۔ بیرون ممالک میں روڈ شوز کے انعقاد کیلئے بھی انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن افضال بھٹی، وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن خالد شاہین بٹ، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔