وزیراعلیٰ سے کنٹونمنٹ بورڈ لاہور کے نومنتخب کونسلرز کی ملاقات،شہبازشریف کی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی پارٹی کی عوامی خدمت کا ثمر ہے‘ شہبازشریف محنت اور صرف محنت سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھا جائے، ٹیم کے طور پر آگے بڑھیں، مزید کامیابیاں ملیں گی دھرنوں نے ملک و قوم کا بے پناہ نقصان کیا، عوام نے احتجاج کی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 4 مئی 2015 18:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں کنٹونمنٹ بورڈ لاہور کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے کونسلرز نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی پر نومنتخب کونسلرز کو مبارکباد دی۔ خواجہ سعد رفیق، مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک، یاسین سوہل اور میاں نصیر احمد بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے نومنتخب کونسلرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی شاندار کامیابی مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کا ثمر ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں فتح حاصل کی ہے۔ بے وقت کے دھرنوں نے ملک و قوم کا بے پناہ نقصان کیا ہے۔

(جاری ہے)

عوام نے کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں احتجاجی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محنت اور صرف محنت سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھا جائے۔ ٹیم کے طور پر آگے بڑھیں، دن رات محنت کریں، انشاء اﷲ کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا مشن بنایا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کی انتھک محنت سے کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی ملی ہے۔ شہباز شریف دن رات پنجاب کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ ایم این اے پرویز ملک نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں کامیابی کا کریڈٹ پارٹی قیادت کو جاتا ہے۔