پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ممکنہ شعبوں میں تعاون کی ضرورت ہے، ممنون حسین

سری لنکا میں پاکستانی کمیونٹی کے مفادات اور دیکھ بحال کیلئے کام کریں،صدرمملکت کی پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر کوہدایت صدر مملکت نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر سید شکیل حسین کو مبارکباد دی

پیر 4 مئی 2015 18:28

اسلام اآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ممکنہ شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے سری لنکا کے لیے پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ سید شکیل حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ان سے ایوان صدر اسلام اآباد میں ملاقات کی۔

صدر مملکت نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر سید شکیل حسین کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کریں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت کا حجم صلاحیت سے کم ہے جس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے دونوں ملکوں کے درمیان طے شدہ ایک ارب ڈالر کے تجارتی حجم کو حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے پاکستان میں تربیت حاصل کرنے والے سری لنکن شہریوں سے رابطے قائم کرنے کی ضرورت پر دیا اور کہا کہ ان روابط سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ صدر مملکت نے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان رابطے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے نامزد ہائی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ سری لنکا میں پاکستانی کمیونٹی کے مفادات اور دیکھ بحال کے لیے کام کریں۔نامزد ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ سید شکیل حسین نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور انھیں یقین دلایا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پورے عزم اور لگن کے ساتھ کام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :