حکومت امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ کرے،صدر اسلام آباد چیمبر

مزمل حسین صابری کی تاجروں کی گرفتاری کی شدید مذمت

پیر 4 مئی 2015 18:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے تاجروں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ کرے دو روز قبل ایم این اے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے دوکانیں رات 10بجے بند کرنے کے حوالے سے مذاکرات کیے تھے جس میں انہوں نے یقین دہانی کروائی تھی کہ اس مسئلہ پر دو یا تین روز کے اندر وزیراعظم سے ملاقات کر کے مسئلہ حل کراؤں گا لیکن اس کے باوجود اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں سے پچاس سے زائد تاجرگرفتار کر لئے جو کہ قابل مذمت ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تاجر گزشتہ ایک برس سے مخصوص حالات اور میٹرو بس منصوبے کی وجہ سے متاثر ہیں اور کاروباری حالات درست نہیں ہیں جبکہ حکومت اور انتظامیہ نے کاروبار سر شارم بند کرانے کا سلسلہ شروع کر دیا اور تاجروں نے اسلام آباد میں مکمل ہڑتال کی جس کے نتیجے میں وزیراعظم نے دکانیں بند کرانے کے اوقات میں ایک گھنٹہ مذید توسیع کی منظوری دی ہے اور اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو انہوں نے رابطہ کار مقرر کیا ہے ۔

(جاری ہے)

دوروز قبل تاجربرادری کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالرؤف عالم اور دیگر اراکین سے انہوں نے مذاکرات کئے جس میں کمیٹی نے مختلف مسائل اٹھائے اور مطالبہ کیا کہ رات دس بجے کاروبار بند کرنے کا وقت مقر ر کیا جائے جس پرڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ دو یا تین روز کے اندر وزیراعظم سے ملاقات کر کے مسئلہ حل کراؤں گااور کہا تھا کہ اس دوران انتظامیہ اور پولیس مارکیٹوں میں کوئی ایکشن نہ لے گی مزمل صابری نے مذید کہا کہ انتظامیہ نے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی یقین دہانی کے باوجود اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں سے پچاس سے زائد تاجرگرفتار کر لئے اور انہیں را ت بھر تھانوں میں بند رکھا جبکہ آبپارہ سمیت مختلف مارکیٹوں میں احتجاج ہوا اور انتظامیہ کی غلطی کی وجہ سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوا۔

تاجر ایسا کوئی مسئلہ پیدا نہیں کرنا چاہتے لیکن یہ ان کے روزگار کا مسئلہ ہے جبکہ پنجاب سمیت جڑواں شہر میں تاجروں کیلئے ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے مزمل صابری نے مذید کہا کہ صرف اسلام آباد میں کاروبار جلدی بند کرانے کے فیصلہ کااطلاق درست نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت پورے ملک میں دکانیں بند کرانے کیلئے یکساں پالیسی بنائی جائے اور صرف اسلام آباد کے تاجروں کو جلد دکانیں بند کرنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے حکومت کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ تاجروں کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل چیمبر سمیت تاجر تنظیموں سے مشاورت کی جائے اور اعتماد میں لیا جائے اور تاجروں کی گرفتاریاں فوری طور پر روکی جائیں

متعلقہ عنوان :