تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی منصفانہ اور ٹھوس حکمت عملی سے جنگی بنیادوں پر ممکن بنائی جائے ،ایم ڈی واٹر بورڈ

پیر 4 مئی 2015 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) سید ہاشم رضا زیدی منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ نے واٹربورڈ کے تمام شعبوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ باہمی تعاون ، مشاورت اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحتیوں سے ان تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی منصفانہ اور ٹھوس حکمت عملی سے جنگی بنیادوں پر ممکن بنائی جائے تاکہ نارتھ کراچی سمیت جن علاقوں میں پانی کی قلت ہے اس پر فوری قابو پایا جاسکے یہ ہدایات سید ہاشم رضازیدی منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈنے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے فوری بعد پیر کو واٹربورڈکے افسران کے اعلیٰ سطح کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی اجلاس میں تمام ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز،چیف انجینئرز اور انچارج ہائیڈرنٹس نے شرکت کی ،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ نارتھ ایسٹ کراچی مین ٹرنک لائنوں سے تمام غیر قانونی کنکشنز فوری منقطع کردیئے جائیں جن ہائیڈرنٹس کو مینی فولڈ سے کنکشنز دیئے گئے ہیں وہ بھی کاٹ دیئے جائیں، انہوں نے فوری طور پر نئے واٹرکنکشنز پر بھی غیر معینہ مدت کے لئے پابندی عائد کردی انہوں نے ہدایت بھی کی کہ پمپنگ مشینری خاص طور پر دھابیجی کی موٹریں ،پمپس اورمشینری کو ترجیحی بنیادوں پر درست کرایا جائے جبکہ رمضان المبارک سے قبل 720عوامی پانی کی ٹنکیوں کو فعال کردیا جائے تاکہ سندھ رینجرز کے تعاون سے پانی کی قلت پر ان علاقوں کے مکینوں کو پانی ٹینکرز سے فراہم کیا جاسکے ، انہوں نے پانی کی قلت پر افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ پانی کی قلت پر قابو پانے کے لئے پمپنگ اسٹیشنز کی استعداد کار بڑھائی جائے ،والووز آپریشن پر فوری توجہ دی جائے اور جہاں ضرورت ہو نئے والووز بھی لگائے جائیں جس کے لئے WTM بلک اور ڈسٹری بیوشن کے شعبے فوری طور پر مشترکہ لائحہ عمل اور ٹھوس منصوبہ بندی کریں ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے سسٹم کو موثر و مستحکم بنانے، پانی کی تقسیم سمیت 65ملین گیلن پانی کی اضافی فراہمی ، ہالیجی جھیل سے مزید پانی کے حصول سمیت تمام فنی معاملات طے کرنے اور درپیش مسائل و مشکلات کو حل کرنے کے لئے ڈی ایم ڈی پلاننگ مشکور الحسن کو تمام چیف انجینئرز سے میٹنگ کے زریعے فوری قابل عمل حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی ،ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز اور تمام چیف انجینئرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ سسٹم کی بہتری کے لئے شہری ضروریات پر مشتمل اسکیمیں اور سمری تیار کریں اور اب تک جتنی بھی سمری اور ترقیاتی اسکیمیں منظوری کیلئے بھیجی گئی ہیں ان کی تفصیلات فراہم کریں اور حسب ضرورت اسکیمیں اور سمری بنائیں تاکہ مجاز اتھارٹی سے ان کی منظوری حاصل کی جاسکے ،انہوں نے ڈی ایم ڈی ریونیو اور انچارج ہائیڈرنٹس کوہدایت کی کہ تمام ہائیڈرنٹس پر15دنوں میں میٹرز لگائے جائیں تاکہ واٹروبورڈ کی آمدنی میں مزید اضافہ ہو ،انہوں نے ریکوری خاص طور پر بلک آمدنی کو بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ریونیوکے پانچوں ڈائریکٹرز سے ریونیو کی وصولی کی کمی پر وضاحت طلب کی جائے اور ریکوری میں اضافہ کو ممکن بنایا جائے دوران اجلاس تمام پمپنگ اسٹیشنز کی کارکردگی پانی کی منصفانہ فراہمی اورTail end علاقوں مپں پانی کی قلت دور کرنے سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا پانی کی قلت دور کرنے کے لئے کم مدت پر مشتمل تجاویز پر غور کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :