وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے،سنیٹر سلیم ضیاء

کنٹونمنٹ کے بلدیاتی انتخابات (ن) لیگ نے ملک بھرمیں واضح کامیابی حاصل کرکے خود کوقومی پارٹی کے طور پر ثابت کیا ،ڈاکٹر جمال ناصر

پیر 4 مئی 2015 18:09

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور حکومت کی کامیاب حکمت عملی اور خارجہ پالیسوں کے نتیجے میں معاشی ترقی کے اہداف حاصل کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر سنیٹر سلیم ضیاء نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما اور معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر جمال ناصرسے ا ن کی رہائش گاہ پر ملاقات کے موقع پر کیااور انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی ملنے پر مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور ملک کو ایسے ہی باصلاحیت اور عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے راہنماؤں کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے اس موقع پر کہا کہ خدمت خلق بہت بڑی عبادت ہے اور خلق خدا کے کاموں سے انسان کو دلی سکون اور راحت حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کنٹونمنٹ کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن)نے ملک بھرمیں واضح کامیابی حاصل کرکے خود کو ایک قومی پارٹی کے طور پر ثابت کیا ہے ۔ملاقات کے دوران اہم قومی اور سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔