کراچی، گارمنٹ فیکٹری میں آتشزدگی، 8 افراد جھلس گئے

پیر 4 مئی 2015 18:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع گارمنٹ فیکٹری میں آگ لگ گئی اور اتنی تیزی سے پھیلی کی فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دے دیا ، آگ سے8 افراد جھلس گئے۔فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ سائٹ میں ولیکا ہسپتال کے قریب ایک گارمنٹ فیکٹری میں اچانک آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔

آگ کی اطلاع ملنے پر پہلے دس گاڑیوں کو روانہ کیا گیا لیکن آگ کی شدت بڑھتے ہی شہر بھر کی تمام فائر بریگیڈ گاڑیوں کو طلب کرنے کے ساتھ آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا ہے ۔ آگ لگنے کی وجہ سے فیکٹری کے اندر موجود ملازمین جس میں خواتین بھی شامل تھے جھلس کر زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

آگ اتنی شدید تھی کہ دھوئیں کے بادل کئی میل دور سے نظر آ رہے تھے۔

دریں اثناء کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے سائٹ کے علاقے ولیکا چورنگی کے قریب ٹیکسٹائل فیکٹری میں لگنے والی آگ سے متعلق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر ویسٹ مانیٹرنگ کررہے ہیں ۔آگ پر قابو پانے کے لیے شہر بھر کے فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سائٹ ایریا کی گارمنٹ فیکٹری میں لگنے والی آگ کے باعث 5خواتین سمیت 8افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :