سندھ اسمبلی، جامشورو میں سرکاری زمینوں پر بااثر افراد کے قبضے کے خلاف تحریک التواء خلاف ضابطہ قرار دے دی گئی

پیر 4 مئی 2015 18:03

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) سندھ اسمبلی میں پیر کو ضلع جامشورو میں سرکاری زمینوں پر بااثر افراد کے قبضے کے خلاف تحریک التواء پیش کی گئی لیکن اسپیکر نے اسے خلاف ضابطہ قرار دے دیا ۔ یہ تحریک التواء اپوزیشن رکن اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت علی خان جتوئی نے پیش کی تھی ،جس میں کہا گیا کہ ضلع جامشورو میں بااثر افراد حکومت سندھ کے اہلکاروں کی مدد سے سرکاری زمینوں پر زبردستی قبضے کر رہے ہیں ۔

ان قبضوں کی وجہ سے مقامی لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ وزیر پارلیمانی امور نے اس تحریک التواء کی مخالفت کی اور کہا کہ یہ ایک قطعی اور ایک شخص یا ادارے سے متعلق معاملہ نہیں ہے ۔ لہذا یہ تحریک التواء قواعد کے مطابق نہیں ہے ۔ لیاقت جتوئی نے کہا کہ اس وقت بھی زمینوں پر قبضے ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اسپیکر نے اسے خلاف ضابطہ قرار دے دیا۔ قبل ازیں ایم کیو ایم کے رکن انجینئر صابر حسین قائم خانی نے اپنی تحریک استحقاق پیش کی ، جس میں کہا گیا کہ ڈائریکٹر جنرل ، حیدر آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی نور محمد لغاری نے انہیں کئی مرتبہ ملنے کا وقت دیا لیکن ملاقات نہیں کی ۔

وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرونے کہاکہ ہم مذکورہ افسر سے وضاحت طلب کریں گے ۔ محرک نے اپنی تحریک استحقاق پر زور نہیں دیا ۔

متعلقہ عنوان :