این اے 125 کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے بعد (ن) لیگ کو حق حکمرانی کا کوئی حق نہیں‘علامہ راجہ ناصر عباس

الیکشن ٹربیونل کا یہ فیصلہ دھاندلی کے خلاف جدو جہد کرنے والی جماعتوں کی بڑی کامیابی ہے‘مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ

پیر 4 مئی 2015 17:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ این اے 125 کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے بعد ن لیگ کو حق حکمرانی کا کوئی حق نہیں ،الیکشن دھاندلی کے ثبوت سامنے آگئے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے ،(ن) لیگ کی جانب سے گلگت بلتستان میں بھی پری پول ریگنگ جاری ہے، جب تک ملکی سیاست سے ان مافیاز کا صفایا نہیں ہوجاتا حقیقی جمہوریت کا بحال ہونا ممکن نہیں،الیکشن ٹربیونل کا یہ فیصلہ دھاندلی کے خلاف جدو جہد کرنے والی جماعتوں کی بڑی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں منظم انداز میں دھاندلی ہوئی،ہماری آزاد عدلیہ سے مطالبہ ہے کہ عوامی حق رائے دہی پر قدغن لگانے والوں کو قرار واقعی سزا دیں۔تاکہ آئندہ کسی کو یہ جرات نہ ہو کہ وہ عوامی حق رائے دہی پر قد غن لگائے۔انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے انتخابات کو افواج پاکستان کی نگرانی میں کرائے جائیں،بصورت دیگر اس خطے میں ن لیگ ایک نہ ختم ہونے والا بحران پیدا کرنے کی مکمل منصوبہ بندیوں میں مصروف ہے۔

متعلقہ عنوان :