صوبائی زکوۃ کونسل نے تعلیمی و دینی مدارس میں زیر تعلیم 3420مستحق طلباء و طالبات کو وظائف جاری کرنے کی منظوری دے دی

9 اضلاع کے تعلیمی اداروں کے لئے ایک کروڑ ساڑھے سات لاکھ ، 3 اضلاع کے دینی مدارس کے لئے50 لاکھ 16 ہزار روپے کا اجراء

پیر 4 مئی 2015 17:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) صوبائی زکوۃ کونسل نے تعلیمی وظائف جنرل اور دینی وظائف کی مد میں صوبہ کے 12 اضلاع میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کے لئے ایک کروڑ 57 لاکھ ، 57 ہزار روپے کے اجراء کی منظوری دے دی ہے -اس امر کا فیصلہ یہاں چیئرمین صوبائی زکوۃ کونسل جسٹس (ر) اختر حسن کی زیر صدارت منعقدہ کونسل کے اجلاس میں کیا گیا - جس میں سیکرٹری زکوۃ و عشر حبیب الرحمن گیلانی ، ایڈمنسٹریٹر زکوۃ محمد افضل رانجھا ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر زکوۃ(فیلڈ)رانا محمد سجاد بابر، محکمہ لوکل گورنمنٹ ، فنانس اور سوشل ویلفیئر کے نمائندگان اور اراکین کونسل حافظ زبیر احمد ظہیر ، سعید احمد انصاری ، اظہر فاروقی اور محترمہ تنویر کوثر نے شرکت کی- اجلاس میں صوبہ کے 9 اضلاع جن میں لاہور، سیالکوٹ، میانوالی ، چکوال، راجن پور، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، پاکپتن ، اٹک اور ننکانہ صاحب شامل ہیں کے 69 تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم 2166 طلباء وطالبات کو وظیفہ کی مد میں ایک کروڑ سات لاکھ 41 ہزار 464 روپے جبکہ صوبہ کے تین اضلاع جن میں سیالکوٹ، راجن پور اور ننکانہ صاحب شامل ہیں کے 12 دینی مدارس میں زیر تعلیم 1254 طلباء و طالبات کے لئے 50 لاکھ 16 ہزار 600 روپے کے فوری اجراء کا فیصلہ کیا گیا -چیئرمین صوبائی زکوۃ کونسل جسٹس (ر) اختر حسن اور سیکرٹری زکوۃ و عشر حبیب الرحمن گیلانی نے محکمہ کے افسران کو کونسل کی منظور کردہ رقم کا فوری اجراء یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مستحق طلباء و طالبات تک یہ رقم ایک ہفتہ کے اندر تمام اضلاع کو پہنچ جانی چاہیے -

متعلقہ عنوان :