ایم کیو ایم کی قیادت کی جانب سے دیا گیا بیان کسی بھی پاکستانی کیلئے قابل قبول نہیں ،شرجیل انعام میمن

پاک فوج ، ملک اور مختلف صوبوں کے عوام بارے بیان میں دیئے گئے ریمارکس قابل اعتراض تھے ،وزیر اطلاعات کا اسمبلی میں بیان

پیر 4 مئی 2015 17:57

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ چند روز قبل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم )کی قیادت کی جانب سے ایک بیان آیا تھا ، جس میں بہت سی باتیں ایسی تھیں ، جو کسی بھی پاکستانی کے لیے قابل قبول نہیں ہیں ۔ پاک فوج ، ملک اور مختلف صوبوں کے عوام کے بارے میں اس بیان میں دیئے گئے ریمارکس قابل اعتراض تھے ۔

وہ پیر کو سندھ اسمبلی میں بیان دے رہے تھے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت نے دوسرے دن اس بیان کی وضاحت کی اور اپنی باتوں کا اعتراف کرتے ہوئے غیر مشروط طور پر معافی مانگ لی ۔ یہ ایک اچھی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور دیگر لوگوں نے بھی اس معافی کو سراہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری عدلیہ ، ہماری افواج اور ہمارے سب ادارے قابل احترام ہیں ۔

ہماری مسلح افواج آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہی ہیں اور ہمارے جوان اور افسران جام شہادت نوش کر رہے ہیں ۔ مسلح افواج کے ساتھ ساتھ پولیس ، رینجرز ، ایف سی اور دیگر فورسز بھی جس طریقے سے ملک ، عوام اور سرحدوں کے دفاع کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں ، اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کا احترام کرنا سب کا فرض ہے ۔

گفتگو میں احتیاط کو ملحوظ رکھنا چاہئے ۔ میری سب سے گذارش ہے کہ الفاظ کے انتخاب میں بھی احتیاط برتیں ۔ میں پیمرا سے بھی کہوں گا کہ کوئی بھی شخص اگر اس طرح کی باتیں کرے یا کسی کی کردار کشی کرے تو ٹی وی چینلز پر اس کی باتیں نہیں آنی چاہئیں ۔ ہماری مائیں ، بہنیں ٹی وی چینلز دیکھ رہی ہوتی ہیں ۔ کسی کو بھی ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں ، جس سے دوسروں کے جذبات مجروح ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میں ایم کیو ایم کی قیادت کے بیان کی مذمت کرتا ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی اچھا اقدام ہے کہ انہوں نے اپنے بیان کا احساس کرتے ہوئے غیر مشروط معافی مانگ لی ۔