علماء نے ہر دور میں امت کی رہنمائی ،مختلف ادوار میں فتنوں کیخلاف اسلامی تحریکوں کی قیادت کی ہے ،انجینئر بلیغ الرحمن

پاکستان میں نظام تعلیم میں پائی جانیوالی خلیجوں کو ختم کرنے کیلئے ہم نے متفقہ نصاب تعلیم کیلئے قومی نصاب کونسل قائم کی ہے،وزیر مملکت تعلیم آنیوالی صدی مسلمانوں کی ہے،اسلام دشمن قوتیں شکست کھاچکی ہیں،جنرل حمید گل ، قوم میں تعلیمی شعور اجاگر ہورہا ہے،شفیع گیلانی اور دیگر جامعۃ الرشید میں خطاب

پیر 4 مئی 2015 17:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ علماء نے ہر دور میں امت کی رہنمائی کی ہے اور مختلف ادوار میں فتنوں کے خلاف اسلامی تحریکوں کی قیادت کی ہے اور اسلام کے نام پر ہی پاکستان بنا ہے ۔پاکستان میں نظام تعلیم میں پائی جانے والی خلیجوں کو ختم کرنے کے لیے ہم نے متفقہ نصاب تعلیم کے لیے قومی نصاب کونسل قائم کی ہے جو قومی سلامتی ،بقاء ،نظریاتی ضروریات کے مطابق نصاب تعلیم تیار کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف دینی ادارے جامعۃ الرشید کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انجینیئر بلیغ الرحمن نے کہا کہ جامعۃ الرشید دینی اور عصری علوم کا حسین کا امتزاج ہے جو یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والوں کو دین کے مطابق چلنے کی تلقین کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

آج یہاں پر نظر آنے والے روشن چہرے اور باعمل و علم علماء معاشرے میں بہتر کردار ادا کررہے ہیں اور کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور اسلام کے نام پر ہی اس کی بقاء ہے ۔علماء نے ہر دور میں امت کی نہ صرف رہنمائی کی ہے بلکہ خوارج سمیت مختلف ادوار میں اٹھنے والے ہر فتنے کے خلاف اسلامی تحریکوں کی رہنمائی کی ہے ۔بدقسمتی سے پاکستان آج تعلیم کے شعبے میں پست ترین ممالک میں شامل ہوتا ہے ۔موجودہ حکومت نے نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی طرف لے جانے کی کوشش کی ہے ۔

امن و امان کی بہتری اہل کراچی سے کون بہتر جان سکتا ہے ۔توانائی کے شعبے میں چند سال قبل تک ہم انتہائی خوفناک حالات کا شکار تھے اور اب امید ہے کہ 2018سے پہلے اس بحران پر قابو پالیں گے اور اس وقت بھی بہتری آئی ہے ۔معیشت کے شعبے میں بہتری کی گواہی یہاں پر موجود تاجر دیں گے ۔آج پوری قوم تعلیمی شعور میں داخل ہوتے ہوئے نظر آتی ہے ۔تعلیم کے بجٹ میں ہم نے کئی گنا اضافہ کیا ہے ۔

جو بچے اسکول نہیں جاتے تھے ان کی تعداد میں ہماری حکومت کے دورمیں 6لاکھ کمی واقع ہوئی ہے یہ ایک بڑی کامیابی ہے ۔شرح خواندگی ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 60فیصد تک ہوچکی ہے ۔وفاقی حکومت نے وفاقی تعلیمی شعبے کے لیے بجٹ 2012-13کے 40ارب کے مقابلے میں 75ارب روپے کردیا ہے ۔ہم اس میں اور بھی اضافہ کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں یہ مانتا ہوں کہ ہمارا مختلف نظام تعلیم ہونے کی وجہ ان میں خلیج واقع ہے اور اس خلیج کو ختم کرنے کی ضرورت ہے اس کے لیے ایک قومی نصاب کونسل قائم کی گئی ہے ۔

ہم سمجھتے ہیں کہ یہ نصاب کونسل نظریاتی ،قومی اور ملی ضروریات کے مطابق ایسا نصاب تیار کرے گی جو ملک کی ترقی میں معاون اور مددگار ثابت ہوگا ۔جنرل (ر)حمید گل نے کہا کہ آنے والی صدی مسلمانوں کی صدی ہے ۔اسلام دشمن قوتیں شکست کھاچکی ہیں ۔ہمارا مشکل کا دور گذر گیا اب اچھا دور آنے والا ہے ۔گیلپ آف پاکستان کے چیئرمین اعجاز شفیع گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کالج کی سطح پر داخلوں کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔

آبادی میں شرح اضافہ 2فیصد اور کالج کے داخلے میں اضافہ 25فیصد ہے ۔اس کا مطلب یہ ہے کہ قوم میں تعلیمی شعور اجاگر ہورہا ہے ۔اس وقت پاکستان میں4کروڑ طلباء و طالبات مختلف شعبوں میں زیر تعلیم ہیں اور ان میں سے صرف 20لاکھ دینی مدارس سے تعلق رکھتے ہیں جو کل طلباء و طالبات کا 5فیصد ہے ۔ہمیں دنیادی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم پر بھی توجہ دینی ہوگی ۔اس کے بغیر معاشرے میں بہتری اور نہ ہی ترقی ہوسکتی ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ مشکل دور سے گذر رہی ہے ۔اس کی رہنمائی کی ضرورت ہے ۔پاک چین دوستی بہت ہی مثالی ہے ۔جس کے لیے حکومت کی کوششوں کو ہم سراہتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :