پختون عوام بیدار ہوچکے، جماعت اسلامی کو شکست سے اب کوئی نہیں بچا سکتا، سردار حسین بابک

پیر 4 مئی 2015 17:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) پختون عوام بیدار ہو چکے ہیں اورجماعت اسلامی کو اب شکست سے کوئی نہیں بچا سکتا ، ان خیالات کا اظہار اے این پی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر و ترجمان سردار حسین بابک نے لوئر دیر کے حلقہ پی کے 95میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ پختون باشعور قوم ہے ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو شکست سے کوئی حکیم اﷲ محسود نہیں بچاسکتا اور سات مئی کو جندول کے غیور عوام جماعت اسلامی کے متعصبانہ اور بنیاد پرست سوچ کو دفن کر دینگے ، سردار حسین بابک نے کہا جماعت اسلامی نے ہمیشہ دہشت گردوں کی وکالت کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج گلی گلی شور ہے کہ جماعت اسلامی نے دہشت گردی کو ہوا دینے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے ، دیر لوئر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سردار حسین بابک نے کہا کہ پختون جماعت اسلامی کے اصل کردار سے واقف ہیں تاہم اب حکومت کے مزے لوٹنے والی جماعت اسلامی اسلام کے نام پر مزید پختونوں کا استحصال نہیں کر سکتی ، انہوں نے کہا کہ پختون سرزمین پر جماعت اسلامی کی سیاست کا دور گزر چکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ کل تک سرخ لباس کو حرام قرار دینے والے آج سرخ پگڑیاں پہنے پھر رہے ہیں جو اے این پی کی سیاست کی فتح ہے ،انہوں نے کہا کہ پختون ایس ایف کے مرادعلی مشوانی اور این وائی او کے سنگین خان ایڈوکیٹ کو اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور لوگوں کی اے این پی میں جوق در جوق شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فتح اے این پی کا مقدر ہے ، سلارزئی قومی اتحاد نے اپنے سربراہ جان محمد خان کی قیادت میں جبکہ قومی وطن پارٹی نے بھی اس موقع پر اے این پی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ، جماعت اسلامی کے سرکردہ خاندانوں نے میاں عمر خان اور خان لالا کی سربراہی میں اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ، اس موقع پر سردار بابک کے ہمراہ پختون ایس ایف کے سابق صوبائی صدر تاج محمد وزیر بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :