Live Updates

ایوان میں عوام کے حقیقی نمائندوں کو بولنے کا موقع نہیں دیا جاتا ہے ،ثمر علی خان

اسپیکر دانستہ طور پر غلط انداز میں ایوان کو چلارہے ہیں ،سندھ کو کسی صورت تقسیم نہیں ہونے دیا جائیگا ،پارلیمانی لیڈر تحریک انصاف کی گفتگو

پیر 4 مئی 2015 17:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ثمر علی خان نے کہا ہے کہ ایوان میں عوام کے حقیقی نمائندوں کو بولنے کا موقع نہیں دیا جاتا ہے اور دانستہ طور پر اسپیکر غلط انداز میں ایوان چلارہے ہیں ۔یہ بات انہوں نے پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر واک آؤٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

ثمر علی خان نے کہا کہ اسپیکر ایوان کو غلط انداز میں چلارہے ہیں ۔الطاف حسین کا بیان انتہائی غلط ہے اور اس پر بغاوت کا کیس بنتا ہے ۔سندھ کو کسی صورت تقسیم نہیں ہونے دیا جائے گا اور سندھ کو توڑنے کی باتیں بھی ناقابل برداشت ہیں ۔قبل ازیں اجلاس شروع ہونے سے پہلے تحریک انصاف کے خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے سنگین الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف الطاف حسین کے فوج کے خلاف بیان کی مذمت کرتی ہے اور آج اسمبلی میں قرارداد پیش کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ فوج ہماری سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے اور اندرونی میدان میں بھی خطرات سے ملک کو محفوظ رکھتی ہے ۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس طرح کے بیانات کو نہ صرف روک دیا جائے بلکہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے بیان پر عدالتی تحقیقات نہایت ضروری ہے ،اسے ہوناچاہیے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات