امن اور عافیت صرف اﷲ کی پناہ میں ہی حاصل ہوسکتی ہے،اظہر اقبال حسن

پیر 4 مئی 2015 17:16

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر اظہر اقبال حسن نے کہا کہ ہمارے پاس قرآن سب سے بڑا ہتھیار ہے جس سے دلوں کو فتح کیا جاسکتاہے ، امن اور عافیت صرف اﷲ کی پناہ میں ہی حاصل ہوسکتی ہے، پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا تھا،اسلام کے نام پر قائم ہونے والے ملک کے عوام اور حکمرانوں نے اسلام کے ساتھ بے وفائی اور غداری کا رویہ روا رکھا جس کے نتیجے میں آج ہر طر ف بدامنی اور قتل و غارت گری ہے، عوام خود کشیوں پر مجبور ہیں،قر آن و سنت کا نظام آزادی و ترقی کا ضامن ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں شعبہ فہم دین کے زیر اہتمام ایک روزہ ورکشاپ سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ ورکشاپ سے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان، محبوب الزمان بٹ، ناظم فہم دین پنجاب حافظ ساجد اقبال، جنرل سیکرٹری حافظ نوید احمد زبیری، ڈویژنل ناظم فہم دین شیخ محمد مشتاق ،مولانا احسان اﷲ نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اظہر اقبال حسن نے کہاکہ اس وقت ضرورت ہے کہ ہمیں خودکو بھی اسلامی تعلیمات کے سانچے میں ڈھالیں اور اپنے بچوں کے لئے وقت نکال کرانہیں قرآن وسنت سے جوڑنے کی کوشش کریں۔

معاشرے میں فحاشی اور عریانی کو فروغ دے کر اسلامی اقدار کا مذاق اڑایا جارہاہے اور بے حیائی کو رواج دے کر مادر پدر آزاد معاشرہ قائم کرنے کی مذموم کوشیں جاری ہیں،مغرب کے استحصالی نظام کوخیرباد کہتے ہوئے اسلامی سنہری معاشی اصولوں کواختیار کیاجائے اسی میں ہماری دنیاوآخرت میں کامیابی پوشیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی اکرمؐ نے اپنے اسوہ حسنہ کی صورت میں اسلام کا جو عملی نمونہ پیش کیا ہے وہ تمام عالم انسانیت کے لئے عدل و مساوات، مفاہمت اور رواداری کی ایک قابل تقلید مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس لئے یہاں اسلامی اصولوں پر رائج قوانین ہی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی منزل پر لے جا سکتے ہیں۔ہم نے تمام نظاموں کو آزما کر دیکھ لیا لیکن ایک دن کے لیے بھی اس ملک میں اسلامی نظام نہیں نافذہوا ،ہماری بقاء اسلامی نظام کے نفاذ میں مضمر ہے۔جماعت اسلامی پاکستان میں قرآن و سنت کے عادلانہ نظام کے نفاذ کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے ۔