ہمارے پانچ سال پورے ہونے تک لوڈشیڈنگ کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا، عابد شیرعلی

ملک کو روشن کر دیا جائے گا، لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے پیپلزپارٹی دور حکومت میں اٹھارہ‘ اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے مگر اب صرف چھ گھنٹے رہ گئی ہے، ترقیاتی کاموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 4 مئی 2015 17:16

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ ہمارے پانچ سال پورے ہونے تک لوڈشیڈنگ کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا اور ملک کو روشن کر دیا جائے گا۔ لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں اٹھارہ‘ اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے مگر اب صرف چھ گھنٹے رہ گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محلہ غوث نگر میں ترقیاتی کاموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری عابد شیرعلی نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بتدریج کمی ہو رہی ہے‘ انہوں کہا کہ ہم عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں‘ گیس بجلی‘ سیوریج اور دوسری بنیادی سہولیات عوام کا فرض ہے اور ہم عوام کو یہ سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

این اے 84کا کوئی ایسا علاقہ نہیں بچے گا جہاں بجلی‘ گیس ‘ سیوریج کی سہولتیں بہم نہ پہنچائی جائیں۔چوہدری عابد شیرعلی نے کہا کہ سابق حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم رہے ہیں مگر جب سے ہماری حکومت آئی ہے ہم نے عوامی خدمت کا جو عدہ کیا تھا اسے نبھا رہے ہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی باگ دوڑ محب وطن لیڈر میاں محمد نواز شریف کے ہاتھ میں ہے اور ان کی مدبرانہ کوششوں سے غیر ملکی سرمایہ کاری ملک میں آ رہی ہے‘ چین نے اربوں روپے کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے جس سے عنقریب ملک میں خوشحالی آئے گی اور ملک ترقی کرے گا۔ اس موقع پر چوہدری صغیر احمد چیمہ‘ قاری عالم شیر‘ خرم شہزادنے وزیرمملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیرعلی‘ ایم پی اے میاں طاہر جمیل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عرصہ دراز سے ہمارے علاقے کی سڑکیں‘ گلیاں اور سیوریج کا نظام ابتر ہو چکا تھا اور کوئی پرسان حال نہ تھا ہم آپ کے شکر گزار ہیں کہ آپ نے الیکشن میں جو وعدے کئے تھے انہیں پورا کر دکھایا اور آج ہماری سڑکیں‘ گلیاں اور سیوریج کے حالت بہتر ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کل بھی آپ کے ساتھ تھے اور آئندہ بھی آپ کا ساتھ نبھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :