گلگت بلتستان سمیت پوری ریاست جموں وکشمیر کے الحاق تک پاکستان نامکمل ہے،چوہدری مجید

ملکی سلامتی، سالمیت اور استحکام کے لیے متحد قوم بنیں بیوروکریسی کا کام خدمت خلق ہے صوبائی اور علاقائی تعصب سے بالا ترہوکر ایک ہوجائیں کشمیریوں کا خون پاکستان کی بنیادوں میں شامل ہے آزادکشمیر میرپور کے لوگوں نے وطن عزیز کو روشن اور سرسبز رکھنے کے لیے تین بار نقل مکانی کی اور ملک کی سلامتی کی خاطر آئندہ بھی قربانیاں دیتے رہیں گے،نیشنل انسٹی آف مینجمنٹ کوئٹہ کے تیسرے کور س کے شرکاء سے خطاب

پیر 4 مئی 2015 17:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت تک نامکمل ہے جب تک گلگت بلتستان سمیت پوری ریاست جموں وکشمیر کاالحاق نہیں ہوجاتا آئیں ملک کی سلامتی، سالمیت اور استحکام کے لیے متحد قوم بنیں بیوروکریسی کا کام خدمت خلق ہے صوبائی اور علاقائی تعصب سے بالا ترہوکر ایک ہوجائیں کشمیریوں کا خون پاکستان کی بنیادوں میں شامل ہے آزادکشمیر میرپور کے لوگوں نے وطن عزیز کو روشن اور سرسبز رکھنے کے لیے تین بار نقل مکانی کی اور ملک کی سلامتی کی خاطر آئندہ بھی قربانیاں دیتے رہیں گے وہ پیر کے روز یہاں ایوان وزیراعظم میں نیشنل انسٹی آف مینجمنٹ کوئٹہ کے تیسرے کور س کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر وزیراعظم کے پرنسل سیکرٹری احسان خالد کیانی اور ڈی جی کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

شرکاء کو رس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ بیوروکریسی کاملک کے انتظامی سسٹم کی مضبوطی میں اہم کردار بنتا ہے جس کا براہ راست تعلق گڈ گورننس کے ذریعہ عام آدمی کی فلاح وبہبود سے ہے عوام حکومتی مشنری سے بہترین سسٹم کی توقع رکھتے ہیں جس میں ان سے ناانصافی نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ تمام صوبائی وعلاقائی تعصبات سے بالا تر ہوکر ملک وقوم خدمت کرے انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر ایک حساس خطہ ہے جس کے لوگوں نے 1947میں لاکھوں کی تعداد میں قربانیاں دیں۔

کشمیر کے لوگوں نے پاکستان کی خاطر ڈوگرہ مہاراجہ کے خلاف بغاوت کی اور ہجرت بھی کی۔انہوں نے کہاکہ آج بھی کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے جب تک ریاست جموں وکشمیر کا الحاق پاکستان سے نہیں ہوجاتا اس وقت پاکستان نامکمل ہے انہوں نے کہاکہ آج بھی کشمیر ی قوم بھارتی جارحیت کا شکار ہے کشمیریوں نے مودی سرکار کی طرف سے ریاست میں ہندو بستیاں بسانے کے منصوبہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور جب بھارت نے طاقت کے ذریعہ عوام کے احتجاج کو دبانے کی کوشش کی تو کشمیری عوام پاکستان کے جھنڈے لے کر سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت پر واضح کیا کہ وہ طاقت کے زور پر کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت کونہیں نکال سکتا۔

وزیراعظم نے کہاکہ ملک کی سالمیت استحکام کی راہ میں بہت بڑے چیلنجز پیدا ہوچکے ہیں اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی بہادر افواج ،حکومت اور سول سوسائٹی متحد ہوچکی ہیں اور ملک سے دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے فوجی آپریشن کا حصہ ہیں انہوں نے کہاکہ بہادر مسلح افواج نہ صرف داخلی بلکہ خارجی محاذ پر بھی پوری مستعدی کے ساتھ کردار ادا کررہی ہیں۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ آزاد کشمیر میں پن بجلی سے 35ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنیکی گنجائش موجود ہے سیاحت اور جنگلات جیسے قومی وسائل بھی وافر مقدار میں موجود ہیں جو پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے حاضر ہیں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی موجودہ حکومت نے ریاست کے اندر 3میڈیکل کالجز، 5یونیورسٹیاں قائم کی ہیں اس کے علاوہ جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی اسلامی یونیورسٹی ’’الاظہر جامعہ‘‘ کی طرز پر کھڑی شریف میں قائم کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں شرح خواندگی کا تناسب 70ہزار کے لگ بھگ ہے ۔آخر میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے وفد کے سربراہ اویس خواجہ کو شیلڈ بھی دی۔