اسلامی یونیورسٹی ، الطاف حسین حالی کی صد سالہ تقریبات، یادگاری خطبہ کا اہتمام

پیر 4 مئی 2015 17:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) شعبہ اردو بین الاقوامی اسلامی یونی ورسٹی ، اسلام آباد کے زیر اہتمام اردو کے نامور نقاد، شاعر مولانا الطاف حسین حالی کی صد سالہ تقریبات کے سلسلہ میں ایک یادگاری خطبہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس خطبہ کے مہمان مقرر احمد جاوید ، ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی لاہور تھے ۔ انہوں نے مولانا حالی کی شاعری، شخصیت اور فن پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمالیاتی شعور ،عقلی شعور اور اخلاقی شعور کی اردو شاعری میں ابتداء مولانا حالی نے کی جس کا اگلا مرحلہ اقبال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی اپنی شاعری بھی ان عوامل سے بھرپور ہے جن کی مثالیں انہوں نے مولانا حالی کی نظموں ـ؛ مناجات بیوہ ، چپ کی داداور مسدس مد وجزر اسلام کا حوالہ دیتے ہوئے دیں۔

(جاری ہے)

حالی کی علمی و ادبی خدمات اور شخصیت کے کئی گوشوں سے احمد جاوید نے پہلی بار استدلال اور منطق سے روشناس کروایا۔ صدر شعبہ اُردو ، ڈاکٹر طیب منیر نے ممدوح اقبال اور مولانا حالیؔ کے بارے میں ابتدائی کلمات کہے جب کہ شعبہ کے استاد ڈاکٹر عزیز ابن الحسن نے مہمان مقرر کا تعارف کرایا۔

نشست کے آخر میں طلبہ کے پر زُوراصرار پر احمد جاوید صاحب نے اپنا کلام بھی سنایا۔اس پروگرام میں شعبہ اردو اساتذہ اور طلباء کے علاوہ دیگر شعبہ جات کے صدور و اساتذہ، طلباء اور اندرون شہرسے علمی ادبی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔