صوبے میں آبپاشی کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے،محمودخان

پیر 4 مئی 2015 16:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء)خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے محکمہ آبپاشی کے ذمہ دار افسران و اہلکاروں سے کہا ہے کہ صوبے میں آبپاشی کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تا کہ تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہو سکیں اور جس سے کاشتکاروں کو آبپاشی کے سلسلے میں جو مشکلات در پیش ہیں اس کا ازالہ ہونے کے ساتھ ساتھ آبپاشی کے لئے وافر مقدار میں پانی فراہم ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں صوبے کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کاشتکاروں کے وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کی قیادت میں تمام مسائل و مشکلات کو حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مذید کہا کہ زراعت کی ترقی میں محمکہ آبپاشی کا انتہائی اہم رول ہے۔ اس لئے موجودہ صوبائی حکومت نے محکمہ آبپاشی کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔ اس موقع پر وفود نے صوبائی وزیر نے اپنے درپیش مسائل و مشکلات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا وزیر موصوف نے وفد کو یقین دلایا کہ انکے جائز تمام مسائل مشکلات کو حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔ وفد نے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی جانب سے تعاون کا یقین دلایا۔