انتخابی دھاندلی ‘(ن )لیگ نے جوڈیشل کمیشن میں جواب جمع کروادیا ‘پیپلزپارٹی کا65حلقے کھلونے کا مطالبہ

پیر 4 مئی 2015 16:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ (ن )نے انتخابی دھاندلی سے متعلق الزامات پر جوڈیشل کمیشن میں جواب جمع کرادیا جس میں تحریک انصاف کی جانب سے منظم دھاندلی کے الزامات کو بے بنیادقرار دیا گیا ‘پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی کے 65 حلقوں کے پولنگ بیگ کھولنے کامطالبہ کردیا۔اپنے وکلاکی جانب سے کمیشن میں جمع کرائے گئے جواب میں مسلم لیگ (ن )نے موقف اختیار کیا کہ گزشتہ انتخابات میں تحریک انصاف کے دھاندلی سے متعلق الزامات پر ضابطہ فوجداری کا اطلاق ہوتا ہے، لہذا ایسی صورت میں متعلقہ شواہد دینا بھی تحریک انصاف کی ذمہ داری ہے، پی ٹی آئی نے جوڈیشل کمیشن کے سوالنامے کا براہ راست جواب نہیں دیا۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی کے 65 حلقوں کے پولنگ بیگ کھولنے کامطالبہ کردیاہے، پیپلزپارٹی کی جانب سے اعتزازاحسن نے جوڈیشل کمیشن کوجمع کرائے گئے جواب میں بتایاکہ پولنگ بیگ کی جانچ پڑتال سے منظم دھاندلی کا پتہ چل سکتا ہے،65 حلقوں کے امیدوار، ڈی آراو ز کو بلایا جائے، پیپلزپارٹی نے اپنے جواب میں کہاگیاکہ محکمہ مال پنجاب سے ملنے والے تھیلوں کی سیلیں ٹوٹی ہوئی ہیں، مرضی کے نتائج حاصل کرنے کے لئے این اے 124 اور 139 کا ریکارڈ تباہ کیا گیا اگرجیتے ہوئے امیدوار یہ سمجھتے ہیں کہ وہ عوام کے ووٹوں سے جیتے ہیں تو ان کو تھیلوں کی جانچ پڑتال خوشی سے کرانی چاہیے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے جواب پر مسلم لیگ (ن )نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے تھیلے کھولنے کی تجویز ناقابل عمل ہے، دوسال کا عرصہ گزرنے کے بعد انتخابی ریکارڈ کا جائزہ لینا ممکن نہیں۔