ا لطاف حسین کے بیان سے پوری قوم کی دل آزاری ہوئی ،ہمیں ملک کے کسی بھی ادارے کی کردار کشی نہیں کرنی چاہئے ‘ احسن اقبال

پیر 4 مئی 2015 15:55

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد ا لطاف حسین کے بیان سے پوری قوم کی دل آزاری ہوئی ہے امیدہے کہ وہ آئندہ اس طرح کی بیان بازی سے پرہیز کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاک فوج سمیت تمام ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شریک ہیں اور افواج پاکستان اور پوری قوم اس وقت قربانیاں دے رہی ہے پاکستان کی فوج ضرب عضب آپریشن میں پوری قوم کے لئے قابل فخر اوراہم کردار ادا کر رہی ہے ہمیں پاک فوج کے جوانوں اور سپاہیوں کی قربانیوں کو مد نظر رکھنا چاہئے اور اس وقت پورے ملک میں سیاسی اور عسکری قیادت سمیت پوری قوم متحد ہے ،ہمیں ملک کے کسی بھی ادارے کی کردار کشی نہیں کرنی چاہئے اورایسی کوئی بھی بیان بازی نہیں کرنی چاہئے جس سے اداروں میں بد اعتماد ی ہوجو کہ ملک کے مفاد میں نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد ا لطاف حسین کے بیان سے پوری قوم کی دل آزاری ہوئی ہے تاہم انہوں نے معذرت کی ہے اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ وہ اس طرح کی بیان بازی سے پرہیز کریں گے ۔ہم سب کو مل کر پاکستان کی خوشحالی، ترقی اور استحکام کے لئے اپنابھر پور کردار ادا کرنا ہو گا ۔ دریں اثناء احسن اقبال نے وزیراعظم بلا سود قرضہ کی چیک تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلا سود قرضوں کی فراہمی سے مسلم لیگ (ن) نے اپنے ایک اور وعدے کی تکمیل کر دی ہے ۔

ان قرضوں سے پسے ہوئے لوگ فائدہ اٹھائیں گے اور یہی رقم ان کے لئے ذریعہ معاش بنے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان قرضوں سے جہاں روز گار کے مواقع میسر آئیں گے وہاں غربت کا خاتمہ اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ غریب افراد کسی کے آگے جھولی پھیلانے کی بجائے ان قرضوں سے کاروبار کریں اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہو جائیں۔ حکومت جہاں مردوں کو قرضے فراہم کر رہی ہے وہاں پر پچاس فیصد خواتین کو بھی اس سہولت سے مستفید کر رہی ہے ۔

مردوں کی نسبت خواتین قرض کے معاملے میں زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ تبدیلی نعروں سے نہیں عملی کام کرنے سے آتی ہے ۔ پاک چین معاہدے بھی پاکستان سے غربت کا خاتمہ کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ اگر پاکستان کو مضبوط کرنا ہے تو ملک سے غربت کا خاتمہ کرنا ہو گا۔موجودہ ملکی مسائل کو صرف میاں محمد نواز شریف ہی حل کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :