شیر میسور ٹیپو سلطان شہید کا 216 واں یوم شہادت منایاگیا

پیر 4 مئی 2015 14:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) انگریزوں کے خلاف جدوجہد کرنے والے برصغیر کے عظیم سپہ سالار ٹیپو سلطان شہید کا پیر کو 2 سو 16 واں یوم شہادت منایاگیا ۔سلطان فتح علی ٹیپو 1750میں بھارتی ریاست میسور میں نواب حیدر علی خان کے گھر پیدا ہوئے۔ والد کی وفات کے بعد ٹیپو سلطان نے بڑھتے ہوئے برطانوی تسلط کے خلاف اعلان جنگ کیا اور کئی سال تک کامیاب مزاحمت کی۔

ٹیپو سلطان نے انتہائی دور رس اثرات کی حامل فوجی اصلاحات نافذ کیں اور صنعت و تجارت اور سائنسی علوم کو فروغ دیا۔

(جاری ہے)

انہیں برصغیر میں راکٹ کا موجد کہا جاتا ہے۔ برصغیر کو انگریزوں کے تسلط سے آزاد کرانے کیلئے ٹیپو سلطان نے زندگی بھر جدوجہد کی۔ میسور کی آخری جنگ میں جب سرنگاپٹم کی شکست یقینی ہوچکی تھی تو ٹیپو نے محاصرہ کرنے والے انگریزوں کے خلاف بھرپور مزاحمت کی۔ تاہم اپنوں کی غداری کے سبب انگریزوں نے ٹیپو سلطان کے خلاف کامیابی حاصل کرلی اور 4 مئی 1799ء کو یہ بہادر شخص میدان جنگ میں لڑتا ہوا شہید ہوگیا۔ شیر کی ایک دن کی زندگی گیدڑ کی سو سالہ زندگی سے بہتر ہے ان کا یہ تاریخی جملہ آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

متعلقہ عنوان :