بدین،اعلی افسران کا اجلاس، ذوالفقار مرزا کی گرفتاری عارضی طور پر موخر کردی گئی

پیر 4 مئی 2015 14:26

بدین(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) ٹھٹھہ، بدین اور حیدرآباد کے ایس ایس پیز کے اجلاس میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی گرفتاری کو عارضی طور پر موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق بدین میں پولیس کے اعلیٰ افسران کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں بدین، ٹھٹھہ اور حیدرآباد کے ایس ایس پیز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی گرفتاری عارضی طور پر موخر کرنے اور صرف ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا ۔

گزشتہ روز بدین میں پولیس نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے حامی کی گرفتاری کی کوشش کی جسے ان کے ساتھیوں نے مزاحمت کرکے ناکام بنا دیا ۔ واقعے کے خلاف ذوالفقارمرزا اور ان کے ساتھیوں نے احتجاج کیا اور شہر میں سیاسی مخالفین کی دکانوں کو تالے لگا دئیے۔

(جاری ہے)

تھانے میں ڈاکٹر مرزا اور ڈی ایس پی بدین عبدالقادر سموں میں تلخ کلامی ہوئی۔ طیش میں آ کر ذوالفقار مرزا نے میز کا شیشہ توڑ دیا اور ڈی ایس پی کا موبائل چھین کر دیوار پہ دے مارا۔

اس موقع پر ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی ضلع کے لوگوں کی حفاظت کرتا تھا اور اب بھی کرونگا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کار چوری کے الزام میں مطلوب ایک شخص کی گرفتاری کی کوشش کے بعد صورتحال خراب ہوئی۔ ماڈل پولیس اسٹیشن میں مقامی تاجروں اور پیپلز پارٹی کے رہنما امتیاز میمن اور تاج محمد ملاح کی مدعیت میں 2مقدمات درج کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :