کچے میں فضائی و زمینی آپریشن ، 7 مغوی پولیس اہلکار بازیاب ، ایک ڈاکو ہلاک

پیر 4 مئی 2015 11:00

کچے میں فضائی و زمینی آپریشن ، 7 مغوی پولیس اہلکار بازیاب ، ایک ڈاکو ..

صادق آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مئی2015ء) صادق آباد سے مغوی سات پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرا لیا گیا ، سندھ اور پنجاب پولیس کے دو ہزار اہلکاروں نے کچے میں آپریشن میں حصہ لیا ، فضائی کارروائی میں ایک ڈاکو ہلاک ، متعدد ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے۔ صادق آباد سے اغواء کیے گئے 7 پولیس اہلکاروں کو سندھ اور پنجاب پولیس نے طویل جدوجہد کے بعد بازیاب کرا لیا ۔

اہلکاروں کی بازیابی کے لیے ہونے والے آپریشن میں دونوں صوبوں کے دو ہزار اہلکاروں اور کمانڈوز نے حصہ لیا ۔

(جاری ہے)

کچے کے علاقے کو 5 اضلاع کی پولیس نے سیل کر دیا ۔ پولیس کی مدد کے لیے گن شپ ہیلی کاپٹروں سے فضائی بمباری بھی کی گئی جس میں ڈاکو سلطوشر اور چھوٹو بھکرانی کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی پانچ کمین گاہیں تباہ کر دی گئی ۔ فضائی کاروائی کے دوران ایک ڈاکو گولوشر ہلاک ہو چکا ہے ۔ ڈاکوؤں کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے دریائے سندھ پر چوکیاں قائم کر دی گئیں ۔ دو بوٹس بھی تھانہ ماچھکا پہنچا دی گئی ہیں ۔ اہلکاروں کی بازیابی کے بعد فضائی کارروائی روک دی گئی ہے تاہم ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے زمینی آپریشن جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :