نیپالی عوام زلزلے کی غیرذمے دارانہ کوریج پر بھارتی میڈیا پر برس پڑے، بھارتی صحافی زلزلے کی کسی فیملی سیریل کی طرح کوریج کررہے ہیں ،مقامی خاتون کا تبصرہ

اتوار 3 مئی 2015 22:43

نیپالی عوام زلزلے کی غیرذمے دارانہ کوریج پر بھارتی میڈیا پر برس پڑے، ..

کھٹمنڈو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 مئی۔2015ء) نیپال میں ہولناک زلزلے کے بعد بھارتی میڈیا کی غیرذمے دارانہ کوریج کو نیپالی عوام کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع ہوگیا اس سلسلے میں بھارتی میڈیا واپس گھر جاوٴ GoHomeIndianMedia# نامی ٹویٹر ہیش ٹیگ بہت مقبول ہونے لگا جس کے تحت اتوار کی دوپہر تک 56,000 ٹویٹس کئے جاچکے تھے۔

(جاری ہے)

غم وغصے سے بھرے نیپالی عوام نے 25 اپریل کے ہولناک زلزلے کے بعد بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹنگ کو ”غیرذمے دارانہ اور ’احساسات سے عاری“ قرار دیا نیپالی عوام کا شکوہ ہے کہ بھارتی صحافی زلزلے کی کچھ اس طرح کوریج کررہے ہیں کہ گویا وہ بھارتی حکومت کی جانب سے عوامی رائے عامہ قائم کرنے کا کام کررہے ہوں، بھارتی اخبار ہر روز صفحہ اول پر نیپالی زلزلے کی تفصیلات شائع کررہے ہیں اور پورے نیپال میں اس وقت ہندوستانی صحافی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

ایک نیپالی خاتون سنیتا شاکیہ نے سی این این پر ایک بلاگ میں لکھا کہ بھارتی صحافی زلزلے کی کسی فیملی سیریل کی طرح کوریج کررہے ہیں، اگر انڈین صحافی کسی ایسی جگہ جارہے ہیں جہاں مدد نہیں پہنچی تو کیا وہ اپنے ساتھ کچھ امدادی سامان اور فرسٹ ایڈ کا سامان نہیں لے جاسکتے۔