غیر ملکی باشندہ باہر بیٹھ کر فوج کو للکارتا ہے ، فوج پر تنقید کر نے والوں کی زبان کاٹ دینگے ، عابد شیر علی ،ایم کیو ایم نے صولت مراز کی پھانسی رکوانے کیلئے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی ، وزیرمملکت

اتوار 3 مئی 2015 22:41

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 مئی۔2015ء) وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ غیر ملکی باشندہ باہر بیٹھ کر فوج کو للکارتا ہے ،ہم فوج پر تنقید کرنے والوں کی زبان کاٹ دینگے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے الطاف حسین کی فوج کے خلاف تقریر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی باشندہ باہر بیٹھ کر ہماری فوج کو للکارتا ہے، ہم فوج پر تنقید کرنے والوں کی زبان کاٹ دینگے۔

انہوں نے کہاکہ 100، 100 قتل کے ملزمان نائن زیرو سے پکڑے گئے ہیں۔ ایم کیو ایم نے اقتدار کو طول دینے کیلئے قاتلوں سے ہاتھ ملایا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے صولت مراز کی پھانسی رکوانے کیلئے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔ اگر ایم کیو ایم کا تعلق صولت مرزا سے نہیں تھا تو بتایا جائے کہ ملاقات کیوں کی۔ انہوں نے کہاکہ آپ مجھ پر تنقید کرسکتے ہیں تاہم بیس کروڑعوام کی محافظ پاک فوج پر تنقید نہیں کرسکتے۔