قطر میں افغان حکومت اورطالبان کے درمیان امن مذاکرات کی مکمل حمایت کرتے ہیں ، پاکستان ، طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات خوش آئند ہیں ، ضرورت پڑنے پر مذاکرتی عمل میں تعاون بھی کیا جائیگا ، خطے میں قیام امن کا دارومدار افغانستان کے حالات پر ہے ، سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 3 مئی 2015 20:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 مئی۔2015ء) پاکستان نے قطر میں افغان حکومت اورطالبان کے درمیان امن مذاکرات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات خوش آئند ہیں ، ضرورت پڑنے پر مذاکرتی عمل میں تعاون بھی کیا جائیگا ، خطے میں قیام امن کا دارومدار افغانستان کے حالات پر ہے ۔ اتوار کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ اعزاز چودھری نے کہا کہ خطے میں قیام امن کا دارومدار افغانستان کے حالات پر ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان،افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان کسی بھی قسم کے رسمی اور غیر رسمی مفاہمتی عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور ضرورت پڑنے پر اس ضمن میں تعاون بھی کریگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں مزید بہتری آئے اور مستحکم افغانستان کے نتیجے میں خطے میں قیام امن یقینی ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں اور اس کا مطلب پورے خطے میں امن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان اور امن اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل مفاہمتی عمل میں سہولت کار کی پیشکش کی ہے۔ قطر میں طالبان اور افغان حکومتی نمائندوں کے درمیان حالیہ مذاکراتی عمل کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ یہ ٹریک ٹو ڈائیلاگ ہے اور امید ہے کہ یہ باضابطہ مذاکرات کیلئے راستہ ہموار کرے گی