تمام حکومتوں کو سلامتی کونسل سے رجوع کا حق ہے، دفترخارجہ

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 3 مئی 2015 19:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔3مئی۔2015ء)بھارت کی جانب سے ذکی الرحمان لکھوی کے حوالے سے سلامتی کونسل سے رجوع کرنے پر پاکستانی دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ تمام حکومتوں کوعالمی ادارے کی کمیٹی سے رابطہ کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان نے القاعدہ پر پابندیاں لگانے سے متعلق قائم سلامتی کونسل کی کمیٹی سے رجوع کیا ہے اور ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی سے متعلق تشویش کا اظہارکیا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کمیٹی القاعدہ سے منسلک دہشت گردوں کے اثاثہ جات کو منجمد کرنے، اسلحے کی خریداری روکنے اور بین الاقوامی سفر پر پابندیاں لگانے کا اختیار رکھتی ہے، لازم نہیں کہ کمیٹی کی پابندیوں کی زد میں آئے افراد کو زیرحراست بھی رکھا جائے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سلامتی کونسل نے یہ معاملہ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں اٹھانے کی یقین دہانی کرا دی ہے ۔