وزیر اعظم نے چشتیاں شہر کی 15رہائشی کالونیوں میں سوئی گیس فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے  طاہر بشیر چیمہ

چشتیاں کے شہریوں کی پریشانی دور کرنے کیلئے جلد چشتیاں میں محکمہ سوئی گیس کا آر او آفس قائم کردیا جائے گا  بیان

اتوار 3 مئی 2015 16:47

چشتیاں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3مئی۔2015ء) مسلم لیگ (ن )کے رہنما و ممبر قومی اسمبلی چوہدری طاہر بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے چشتیاں شہر کی 15رہائشی کالونیوں میں سوئی گیس فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ جس پر 15کروڑ روپے لاگت آئے گی اور 96کلو میٹر سوئی گیس پائپ بچھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے چشتیاں آفس میں میڈیا نمائندوں کے سوالوں کے جواب میں بتایا کہ سابقہ حکومت کے دور میں نواحی رہائشی کالونیوں کو نظر انداز کردیا تھا جس سے ایک لاکھ عوام میں احساس محرومی پیدا ہوگیا تھا چنانچہ وزیر اعظم کے اقدامات سے لوگوں کو سوئی گیس کے گھریلو کنکشن فراہم کئے جائیں گے ۔

انہوں نے بتایاکہ کثیر آبادی کے علاقہ نور پورہ ، چک 4فورڈ ، ارقم ٹاؤن ، تقویٰ کالونی ، ناصر آباد ، پرانی چشتیاں ، نیو گلشن اقبال ، فاروق کالونی ، محبوب کالونی ، علیمہ کالونی ، بغداد کالونی ، لطیف کالونی ، چشتیہ پارک کالونی ، چک 15گجیانی ، ڈیرہ محمدشفیع میں سوئی گیس پائپ بچھانے کا کام جلد شرو ع ہوجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ چشتیاں کے شہریوں کی پریشانی دور کرنے کیلئے جلد چشتیاں میں محکمہ سوئی گیس کا آر او آفس قائم کردیا جائے گا۔اس موقع پر چک 4فورڈواہ کی سیاسی سماجی شخصیت چوہدری عبدالغفور ومعززین علاقہ بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :