حکومت کی سرمایہ کاری پالیسی لاجواب ہے،غیر ملکی انوسٹر مغربی میڈیا کے پراپیگنڈا سے متاثر نہ ہوں پاکستان اکانومی واچ

اتوار 3 مئی 2015 16:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3مئی۔2015ء) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے حکومت کی سرمایہ کاری پالیسی لاجواب ہے جس میں بے شمار مراعات، ٹیکس اور ڈبل ٹیکسیشن سے نجات، منافع کی بیرون ملک منتقلی اور مقامی پارٹنر کی ضرورت نہیں ہے۔چھ سو کثیر القوامی کمپنیاں پاکستان میں کاروبار کر رہی ہیں جن میں سے ایک سو برطانوی ہیں۔

دیگر بہت سی بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں جنھیں بین الاقوامی میڈیا ایک سازش کے تحت مسلسل خوفزدہ کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اٹھارہ کروڑ افراد سے زیادہ کی مارکیٹ ہے جسکے مختلف شعبوں بشمول توانائی، آئی اینڈ گیس، کوئلے، تانبہ، سونے اور دیگر دھاتوں کی کان کنی، انفراسٹرکچر، مواصلات، ٹیلی کام، زراعت اور لائیو سٹاک وغیرہ میں وسیع مواقع موجود ہیں۔

مغربی میڈیا کے منفی پراپیگنڈا کے باوجود چین،کوریا اور عرب ممالک وغیرہ پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں مغربی سرمایہ کار بھی پاکستان آ کر رہاؤسنگ ،نقل و حمل، صحت، تعلیم، معدنی ذخائراور تھر کول کے شعبوں میں سرمایہ لگائیں۔پاکستان میں ایک ترقی یافتہ قوم بننے کے تمام لوازم موجود ہیں اور ہمارا مستقبل انتہائی روشن ہے۔