قطر میں افغان حکومت اورطالبان کے درمیان امن مذاکرات کی مکمل حمایت کرتے ہیں  پاکستان

خطے کے استحکام کیلئے افغانستان میں امن بہت ضروری ہے  سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری پاکستان نے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امداد روانہ کی، ریلیف آپریشن میں این ڈی ایم اے اور مسلح افواج نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا  نیپالی بھائیوں کے دکھ درد کو اچھی طرح سمجھتے ہیں میڈیا سے گفتگو

اتوار 3 مئی 2015 14:08

قطر میں افغان حکومت اورطالبان کے درمیان امن مذاکرات کی مکمل حمایت کرتے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3مئی۔2015ء) سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ قطر میں افغان حکومت اورطالبان کے درمیان امن مذاکرات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ قطر میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کی مکمل حمایت کرتے ہیں کیونکہ خطے کے استحکام کیلئے افغانستان میں امن بہت ضروری ہے۔

سیکریٹری خارجہ نے نیپال کے زلزلے کے حوالے سے بتایا کہ 25 اپریل کو تباہ کن زلزلے کے بعد پاکستان نے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امداد روانہ کی، ریلیف آپریشن میں این ڈی ایم اے اور مسلح افواج نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جسے نیپال کے آرمی چیف نے بھی سراہا۔ انہوں نے کہاکہ خوراک کے 30 جہاز روانہ کئے گئے 4 سی 130 طیارے امدادی سامان لے کر نیپال پہنچے،زلزلے کے بعد وزیر اعظم کی ہدایت پر 50 ڈاکٹروں کی ٹیم اور 30 بیڈز کا اسپتال فوری طور پر نیپال روانہ کیا گیا، ریلیف آپریشن کے لئے انجینئرز کی ٹیمیں بھی وہاں پہنچ چکی ہیں  مزید 20 ہزار خیمے بھی بھیجے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

اعزاز چوہدری نے کہاکہ نیپالی بھائیوں کے دکھ درد کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اس لئے پاکستان نے سب سے پہلے نیپال کے لیے ریلیف آپریشن شروع کیا، تباہ کن زلزلے سے نیپال کے 35 اضلاع شدید متاثر ہوئے  اب بھی وہاں 35 لاکھ افراد کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپال کے زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں ریلیف فنڈ کیلئے پاکستان اور بیرون ممالک سے شہریوں کو امداد کی اپیل کی گئی ہے جب کہ وہاں سے اب تک 93 پاکستانیوں واپس وطن لایا جاچکا ہے۔