صادق آباد :ڈاکوئوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر کے 7 اہلکار اغوا کر لئے

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 3 مئی 2015 12:17

صادق آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔3مئی۔2015ء) صادق آباد میں پولیس چوکی پر ڈاکوؤں نے حملہ کرکے اے ایس آئی سمیت 7 اہلکار اغوا کرلئے ، پنجاب اور سندھ سے پولیس طلب کرلی گئی ہے ۔ کچے کے علاقے کا گھیراؤ کرکے آپریشن جاری ہے ۔ صادق آباد کے دریائی علاقہ ماچھکہ کی چیک پوسٹ پر تیس کے قریب ڈاکوؤں نے حملہ کردیا ۔ جدید اسلحہ سے لیس ڈاکو ، سپیشل سکواڈ کے اے ایس آئی سمیت سات اہلکاروں کو اسلحہ سمیت اغواء کرلیا ۔

اغواء ہونے والے اہلکار ضلعی پولیس کے سپیشل سکواڈ سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں خصوصی ٹاسک پر یہاں تعینات کیا گیا تھا ۔ مغوی پولیس اہلکاروں میں ہیڈ کانسٹیبل ممتاز ، کانسٹیبل آصف ، عارف شاہ ، ضیاء اور طاہر شامل ہیں ۔ اطلاع ملتے ہی سندھ اور پنجاب پولیس کی بھاری نفری کچے کے علاقے میں پہنچ گئی ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ڈاکو اہلکاروں کو کشتیوں کے ذریعے دریا کے اندرونی علاقے کی طرف لے جانے کی کوشش کر رہے تھے ، پولیس کے جوان ڈاکوؤں کے تعاقب میں ہیں اور دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری ہے ۔

دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ شہباز شریف نے اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی اور حملہ آوروں کی گرفتاری یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ امقدامات کیے جانے کی ہدایت کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :