سندھ کے وزراء شرجیل انعام میمن،سید مراد علی شاہ اور رکن سندھ اسمبلی تیمور تالپورکی جاوید ناگوری کی رہائس گاہ آمدبھائی کی وفات پر تعزیت کی

دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے سندھ حکومت پرعزم ہے، بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پشت نہیں کئے جاسکتے، وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ

ہفتہ 2 مئی 2015 22:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 مئی۔2015ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر سید مراد علی شاہ اور رکن سندھ اسمبلی تیمور تالپور نے ہفتہ کی شب صوبائی وزیر کچی آبادی جاوید ناگوری سے ان کی رہائشگاہ واقع لیاری میں ان سے ان کے بھائی اکبر ناگوری کی وفات پر تعزیت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی لیاری ڈسٹرکٹ کے پیپلز پارٹی کے رہناؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ صوبائی وزراء نے جاوید ناگوری سے ان کے چھوٹے بھائی اکبر ناگوری کی وفات پر دلی تعزیت کی اور ان کو صبر کی تلقین کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اکبر ناگوری کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیاری سمیت پورے کراچی میں دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے سندھ حکومت پرعزم ہے۔ بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پشت نہیں کئے جاسکتے۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ گذشتہ رات کو لیاری کے علاقے میں ہونے والی بزدلانہ کارروائی میں صوبائی وزیر کچی آبادی جاوید ناگوری کو نشانہ بنانے کی سازش کی گئی تھی لیکن وہ اس میں محفوظ رہے تاہم ان کے چھوٹے بھائی اکبر ناگوری کی وفات ہوئی جبکہ دیگر کئی افراد اس سانحہ میں زخمی ہوئے، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی سندھ اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں کو فوری طور پر ہدایات دیں کہ اس سانحہ میں ملوث ملزمان کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے اور انہیں گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ اس وقت لیاری سمیت کراچی بھر دہشتگردوں کے خلاف ہماری پولیس، رینجرز اور دیگر امن و امان کی بحالی کے ادارے برسر پیکار ہیں اورہمارا عزم ہے کہ اس شہر، صوبے اور ملک کو دہشتگردی کی لعنت سے جلد سے جلد چھٹکارا دلایا جائے اور انشاء اﷲ ہم عوام سے کئے گئے اس وعدے کو جلد پورا کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے اور اس شہر اور ملک کو دہشتگردی سے نجات دلا کر ہی دم لیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے صوبائی وزیر جاوید ناگوری اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے حوصلوں کو سراہا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ شہداء کی تاریخ ہے اور ہم نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس ملک کی حفاظت کی اور آئندہ بھی اس ملک کی بقاء، سالمیت اور جمہوریت کے استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔