شہید کیپٹن قاسم فوجی اعزازات کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ٗ آرمی چیف نے قبر پر پھول چڑھائے ٗفاتحہ خوانی کی

پاک سرزمین سے ہر صورت دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے ٗآخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ٗآرمی چیف جنرل راحیل شریف

ہفتہ 2 مئی 2015 22:09

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 مئی۔2015ء) وادی تیراہ میں شہید ہونے والے کیپٹن قاسم فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاک سرزمین سے ہر صورت دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے ٗآخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ۔ تفصیلات کے مطابق وادی تیراہ میں ملک دشمنوں کے خلاف برسرپیکار پاک فوج کے کیپٹن قاسم جھڑپ کے دوران زخمی ہوئے جس کے بعد انہیں فوری طور پر بذریعہ ہیلی کاپٹر سی ایم ایچ منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

شہید کیپٹن کی نماز جنازہ ریس کورس گراؤنڈ راولپنڈی میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اﷲ، اہل خانہ اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران نے شرکت کی جس کے بعد مقامی فوجی قبرستان میں شہید کوفوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا آرمی چیف نے شہید کیپٹن قاسم کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی اس موقع پر آرمی چیف کی جانب سے شہید کی خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کیپٹن قاسم شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور پاک فوج کے جوانوں اور آفیسرز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

(جاری ہے)

شہید کیپٹن قاسم کے والد نے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے نے اپنے ملک کی حفاظت کیلئے جان دیکر ان کا سر فخر سے بلند کر دیا ۔