وزارت پٹرولیم اور اوگرا پٹرول پمپوں پر پٹرول چوری کا فوری نوٹس لے: پاسبان

ہفتہ 2 مئی 2015 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 مئی۔2015ء) پاسبان پاکستان کے نائب صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ وزارت پٹرولیم اور اوگرا پٹرول پمپوں پر پٹرول، ڈیزل اورسی این جی گیس چوری کا فوری نوٹس لے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اکثر پٹرول پمپوں خصوصاََ پی ایس او کے پٹرول پمپوں پر یہ شکایت عام ہے کہ شہریوں کی گاڑیوں میں پٹرول ، ڈیزل اور سی این جی پوری نہیں ڈالی جاتی ہے۔

پٹرول چوری سے سب سے زیادہ متاثرموٹرسائیکل رکھنے والا طبقہ ہوتا ہے جو روزآنہ اپنی بائیک میں پچاس یا سو روپے کا پٹرول ڈلوانے کی سکت رکھتا ہے اور اس معمولی رقم میں بھی چوری کرلی جاتی ہے۔ پٹرول پمپ کے ملازمین اپنے گاہکوں کو بالخصوص موٹر سائیکل میں پٹرول ڈلوانے والوں کو باتوں میں الجھا کر پٹرول چوری کے مختلف حربے استعمال کرتے ہیں اور جب کوئی شہری چوری پکڑ لیتا ہے تو ملازمین کے رویئے سے ظاہر ہوجاتا ہے کہ انہیں اس کام کیلئے مکمل سرپرستی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول چوری کے حوالے سے پی ایس او کے پٹرول پمپس کے خلاف سب زیادہ شکایات پائی جاتی ہے جہاں اکثر شہریوں اور ملازمین کے درمیان بحث و تکرار اور لڑائی جھگڑا ہورہا ہوتا ہے۔ عبدالحاکم قائد نے وفاقی وزیر برائے پٹرولیم اور قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا کہ ملک بھرمیں فیول پمپس کی چیکنگ کا مستقل اور موثر نظام قائم کیا جائے اور پٹرول چوری میں ملوث پٹرول پمپوں کو سیل کر کے ان کے مالکان اور ملازمین کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :