چین اور پاکستان کے مابین 46 ارب ڈالر مالیت کے معاہدو ں سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ،جنید اشرف تالو

ہفتہ 2 مئی 2015 21:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 مئی۔2015ء) ایسو سی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز کے چیئرمین جنید اشرف تالو نے چین اور پاکستان کے مابین 46 ارب ڈالر مالیت کے معاہدو ں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاہدوں کی تکمیل سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا جس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ عظیم دوست ملک چین کی انرجی اور انفرااسٹرکچر کے منصوبوں پر خطیر سرمایہ کاری گزشتہ 10 برس میں ہونے والی مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری سے تین گنا زائد ہوگی جو وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین کی انفرااسٹرکچر منصوبوں پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے ملک میں تعمیراتی صنعت میں انقلاب آئے گا جس سے بلڈنگ میٹریلز کی صنعتوں کو فروغ حاصل ہونے کے ساتھ لاکھوں ہنر مند اور مزدوروں کو روزگار کے مواقع حا صل ہو نگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کو کراچی میں ماس ٹرانزٹ منصوبوں خصوصاً کراچی سرکلر ریلوے کی تعمیر کے لئے چین سے ترجیحی بنیاد پر مذاکرات کر کے معاہدہ کر نا چاہئے ۔

وفاقی حکومت کو اس سلسلے میں حکومت سندھ کو اعتماد میں کے کر منصوبہ بندی کر نی چاہئے ، اس ضمن میں کراچی سے لاہور تک موٹر وے کی تعمیر کا مجوزہ پروجیکٹ لائق تحسین ہے ۔ آباد کے وائس چیئرمین محمد حنیف میمن نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا عظیم منصوبہ پاکستان کی تقدیر بدل دے گا ۔ حکومت کو اس میگا پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے ضروری ہے کہ وفاقی حکومت ، صوبوں کے بابین مکمل ذہنی ہم آہنگی اور اشتراک عمل کو یقینی بنائے ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو 100 ارب ڈالر کا اقتصادی نقصان ہوا ہے ۔

پاکستان کو خطیر غیر ملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت تھی جو قابل اعتماد دیرینہ دوست ملک چین کی طرف سے آہی ہے ۔ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال اورتیزی سے بگڑتے ہوئے انفرااسٹرکچر نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دور کردیا تھا ۔ چین منصوبوں پر تیزی سے کام ہو نے کی صورت میں دیگر ممالک بھی پاکستان میں سرمایہ کار ی پر راغب ہو ں گے۔ آباد کے سدرن ریجن کے چیئرمین محمد حسن بخشی نے کہا کہ یہ امر خوش قسمتی کا باعث ہے کہ ایشیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی عظیم طاقت چین نے پاکستان کا ہاتھ تھام لیا ہے جو عالمی سطح پر پاکستان پر اعتماد کے فروغ کا باعث ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چین کے انفرااسٹرکچر پروجیکٹس کی تکمیل سے پاکستان میں ہاؤسنگ اینڈ کنسٹرکشن انڈسٹری کو زبردست فروغ حاصل ہو گا ،ساتھ ہی انجینئرنگ انڈسٹری کو بھی فوائد حا صل ہونگے ۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر سے گوادر میں ہاؤسنگ اینڈ کنسٹرکشن سیکٹر میں نجی شعبے کے ڈیویلپرز اور بلڈرز بھی ا ربوں روپے کی سرمایہ کاری کریں گے۔ اس ضمن میں پاکستان آرمی کی جانب سے چین انجینئرز اور ماہرین کی سیکیورٹی میں خصوصی فورس کی تشکیل سے مجوزہ پروجیکٹس کی تکمیل یقینی ہو جا ئے گی۔

متعلقہ عنوان :