سانحہ 12 مئی میں ملوث ملزم سیاسی جماعت کے کارکن محمد نعیم عرف گڈو کو عدالتی ریمانڈ پر14مئی تک جیل بھیج دیا گیا

ہفتہ 2 مئی 2015 21:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 مئی۔2015ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو نے سانحہ 12 مئی میں ملوث ملزم سیاسی جماعت کے کارکن محمد نعیم عرف گڈو کو عدالتی ریمانڈ پر14مئی تک جیل بھیج دیا ہے۔ جبکہ مقدمہ کے تفتیشی افسر کو حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر مقدمہ کے چالان عدالت میں پیش کرے۔ہفتہ کو ماڈل کالونی پولیس نے ملزم کو رینجرز کی نگرانی میں سخت سیکیورٹی میں چہرہ ڈھانپ کے عدالت میں پیش کیا ، اس دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کو اطلاع پر گرفتار کیا گیا ہے اور ملزم نے دوران تفتیش یہ اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنے دیگر مفرور ساتھیوں کے ہمراہ سانحہ 12مئی 2007کو سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کی کراچی آمد کے موقع پر شہر میں فائرنگ کرکے خوف وہراس پھیلایا اور ماڈل کالونی کی حدود میں مسلم لیگ(ن) کے دو کارکنان اصغر علی شاہ اور جہانزیب کو فائرنگ کرکے قتل کیا ۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسرنے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے تفتیش مکمل کرلی گئی ہے لہذا ملزم کو جیل بھیجا جائے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا پر ملزم کوجیل بھیج دیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ ماڈل کالونی میں الزام نمبر49/2007زیر دفعہ 302/324/34اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ7ATAکے تحت مقدمہ درج ہے۔

متعلقہ عنوان :