موجودہ دور جسمانی طاقت سے زیادہ ذہنی فکری قوت کے اظہار کا دور ہے،محمد خان اچکزئی

تعلیمی اداروں کو پل پل بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے وا لوں نے ترقی کی اور جدید علوم سے اپنے ذہنوں کو منور کیا، سکول کے افتتاح کے موقع پر خطاب

منگل 28 اپریل 2015 22:54

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ موجودہ دور جسمانی طاقت سے زیادہ ذہنی فکری قوت کے اظہار کا دور ہے آج دنیا میں وہی اقوام سرخرواور سربلند ہیں جنہوں نے اپنے تعلیمی اداروں کو پل پل بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا اور جدید علوم سے اپنے ذہنوں کو منور کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلع قلعہ عبداﷲ تحصیل گلستان میں عنایت اﷲ کاریز میں بوائز ہائی سکول کا افتتاح کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، یو این ایچ سی آر کے سربراہ فیبیو ویرولی، کمشنر کوئٹہ قمبر دشتی ، کمشنر افغان رفیوجیز ارباب طالب کے علاوہ علاقے کے سیاسی و قبائلی معتبرین بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر گورنر نے کہا کہ آج کا دن نہایت اہمیت کا حامل ہے انہوں نے کہا کہ اس خطے میں پچھلے کئی عشروں سے جو طویل تاریک رات چھائی ہوئی تھی آج ہماری کوششوں سے امید کی ایک نئی سحرطلوع ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی آمد سے یہاں کے جو علاقے متاثر ہوئے ہیں یواین سی ایچ آر کی جانب سے ان علاقوں میں تعلیم ، صحت اور صاف پانی و دیگر صروری سہولتوں کی فراہمی کی کوششیں قابل تحسین ہیں او رآج جس ہائی سکول کا افتتاح ہورہا ہے یہ بھی ان کی خدمات و کوششوں کا نتیجہ ہے انہوں نے کہا کہ گلستان ماضی میں تعلیمی اداروں، معاشی و سماجی سرگرمیوں اور امن وامان کا مسکن تھا آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ اس کو پھر سے ترقی و خوشحالی کا مرکز بناکر اپنی اصل شکل میں بحال کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بلدیاتی اداروں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ گھر گھر، قریہ قریہ جاکر لوگوں کے مسائل و مشکلات ان کی دہلیز پر حل کریں اور اپنے علاقوں میں ڈاکٹروں اور اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام کو معاشرے میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اس ضمن میں ان کا قومی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ وہ بھی ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور لوگوں کو باہمی احترام اور واداری کا درس دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آج جن مسائل کا سامنا ہے ان سے ناامید نہیں ہونا چاہئے ہم اپنی مضبوط قوت ارادی اور عمل مسلسل کی بنیاد پر مستقبل روشن دیکھ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پشتون قومی روایات اور اسلامی اقدار ایک دوسرے کے متضاد نہیں ہیں بلکہ ان میں گہری مماثلت موجود ہے۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، یو این ایچ سی آر کے سربراہ فیبیو ویرولی ، ڈاکٹر حنیف اچکزئی و دیگر نے بھی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کے۔ بعدازاں گورنر بلوچستان نے ضلع قلعہ عبداﷲ تحصیل گلستان میں زیر تعمیر ڈیم کا معائنہ بھی کیا