Live Updates

کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں تحریک انصاف وفاقی پارٹی بن کر ابھری ہے ‘شاہ محمود قریشی

ایک لاکھ چھتیس ہزار ووٹ بلے کو پڑے ہیں (ن) لیگ پنجاب میں محدود ہو کر رہ گئی ہے، پیپلزپارٹی ملیا میٹ ہو گئی کارکنان پارٹی نظریے کو آگے بڑھائیں ، کارکنان کسی بھی پارٹی کا سرمایہ ہوتے ہیں ، کارکنان نچلی سطح تک پارٹی کو مضبوط کریں‘ملتان سے خطاب

منگل 28 اپریل 2015 22:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں تحریک انصاف وفاقی پارٹی بن کر ابھری ہے ،ایک لاکھ چھتیس ہزار ووٹ بلے کو پڑے ہیں جبکہ (ن) لیگ پنجاب میں محدود ہو کر رہ گئی ہے، پیپلزپارٹی ملیا میٹ ہو گئی ، کارکنان پارٹی نظریے کو آگے بڑھائیں ، کارکنان کسی بھی پارٹی کا سرمایہ ہوتے ہیں ، کارکنان نچلی سطح تک پارٹی کو مضبوط کریں، تحریک انصا ف بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور تاریخی فتح حاصل کرے گی۔

(ن) لیگ نے مجھے رکن اسمبلی بننے کے لئے پیش کش کی تھی ، نئی امید سے عمران خان کے ساتھ آئے ، تیس سالوں میں اتنی عزت نہیں ملی جتنی تحریک انصاف نے مجھے دی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا ، کارکن بلدیاتی انتخابات کی ابھی سے تیاریاں شروع کردیں،شاہ محمود قریشی نے اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ جنوبی پنجاب میں ہونے والے ورکرز کنونشن سے چیئرمین عمران خان خطاب کریں گے، میں نظریاتی کارکنوں کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو کہ تمام مشکلات کے باوجود پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچا رہے ہیں، وہ آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے ملتان میں تیسرے ڈویژنل ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اعجازاحمدچوہدری نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجا ب حکومت نے جنوبی پنجاب کی عوام کو احساس محرومی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ آج پنجاب کے عوام کا سارا پیسہ تخت لاہور کو بچانے کے لئے خرچ کیا جا رہا ہے، شریف خاندان کو صرف لاہور کی ترقی نظر آتی ہے باقی صوبے کی کوئی پروا نہیں۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف تمام ثبوثوں کے ساتھ جوڈیشل کمیشن میں جا چکی ہے ، حکمران جماعت کے درباریوں کے اوسان خطا ہو چکے ہیں اور جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کا انتظار کریں اور اپنی بازاری زبان کو لگام دیں۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے ووٹ کے تقدس کے لئے ایسی مثالی جدوجہد کی ہے جس کی برصغیر کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، بلدیاتی امیدواران کے فیصلے مقامی سطح پر ہوں گے، کمیٹی کے ارکان امیدواران کے تمام فیصلے میرٹ پرکریں گے تو پھر تحریک انصاف کو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ، پی ٹی آئی کے کارکن پارٹی کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں مضبوط امیدوار میدان میں اتارے گی، انشاء اﷲ کامیابی کارکنوں کا مقدر بنے گی،(ن) لیگ نے عوام سخت مایوس کیا ہے۔

(ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کا گٹھ جوڑ عوام نے مسترد کردیا ہے ۔پاکستان کی تاریخ پہلی دفعہ تحریک انصاف نے ان دونوں جماعتوں کی پارٹنرشپ کوتوڑا، ان دونوں جماعتوں نے آپس میں باریاں لگا رکھی تھیں ، تحریک انصاف نظام کی تبدیلی کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔ ان حکمرانوں کی ترجیحات عوام نے بلکہ اپنے ذاتی مفادات ہیں، اسی لئے ملک دن بدن مشکلات میں گھیرا جا رہا ہے اور شریف فیملی کے کاروبار میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے،غریب غریب اور امیر امیر تر ہورہا ہے، ہر طرف ناانصافی کا دور دورہ ہے ۔

تحریک انصاف اقتدار میں آکر تمام محرومیوں کا ازالہ کرے گی، ورکرز کنونشن میں ساؤتھ ریجن کے صدر نورخان بھابھہ ، جنرل سیکرٹری عون عباس ، ضلعی صدر ملتان اعجازاحمدجنجوعہ ، ضلعی صدر مظفر گڑ ھ نواب احمدخان، ضلعی صدر وہاڑی طاہر انور واہلہ، ضلعی صدر خانیوال ظہور قریشی،ضلعی صدر لودھراں ڈاکٹر شیر محمد اعوان، ایم این اے عامر ڈوگر، ایم پی اے جاویداختر انصاری، ایم پی اے ظہیر الدین علیزئی، جاوید اختر لغاری، ریاست بھٹی سمیت ریجن ، ضلع ، تحصیل عہدیداران اور مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران اور کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات