کے سی سی اے کے تعاون سے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کیلئے مکمل سرپرستی کریں گے، ساجد احمد رکن قومی اسمبلی

صدر کے سی سی اے ، پروفیسر اعجاز فاروقی کی جا نب سے پاک اسٹار گراؤنڈ ملیر کی تعمیر و ترقی کے لئے دو لاکھ روپے کا اعلان

منگل 28 اپریل 2015 21:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن ، زون چار کے زیر اہتمام غلام رسول پریزیڈنٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات پاک اسٹار کرکٹ گراؤنڈ ملیر میں منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر مہما ن خصوصی رکن قومی اسمبلی ساجد احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر لانے کے لئے ہمیں مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

کھلاڑیوں کے ٹیلینٹ اجاگر کرنے اور انہیں کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے مکمل سرپرستی کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ صدر کے سی سی اے پروفیسر اعجاز احمد فاروقی کے تعاون سے ملیر میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کریں گے اور ہم ایک ٹیم کی شکل میں کام کریں گے اس سلسلے میں حکومت سندھ سے بھی رابطہ کیا جائے گا تاکہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے بھی اقدامات کیے جایئں۔

(جاری ہے)

انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ صرف تنقید کے بجائے کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے تعمیری کاموں پر توجہ دی جائے کیوں کہ ہم دیگر شعبہ زندگی میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی مثالیں ضرور دیتے ہیں لیکن پریکٹیکل ازم پر عمل نہیں کرتے۔انھوں نے مزید کہا کہ پاک اسٹار گراؤنڈ ملیر میں ایک لائبریری اور جم بھی قائم کیا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کو صحت مندانہ اور معلوماتی ماحول فراہم ہوسکے۔

تقریب کی صدارت کرتے ہوئے صدر کے سی سی اے پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے کے سی سی اے شہرمیں کرکٹ ٹورنامنٹس کا ایک جال بچھادیا ہے جس سے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلنے کے مواقع میسر ہورہے ہیں۔اسی طرح ملیر کے علاقے میں بھی کرکٹ ٹورنامنٹس کا بھرپور انعقاد کیا جارہا ہے ۔ انھوں نے پاک اسٹار گراؤنڈ کی ترقی اور بہتری کے لئے دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیااور ذاتی طور پرملیرمیں واقع گراؤنڈ میں نئی سیمینٹ وکٹ کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

انھوں نے مذکورہ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے سلسلے میں زون چار کے عہدیداران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے زون چار میں اے ڈویزن لیگ اور بی ڈویزن لیگ کے انعقاد کرنے پر موجودہ عہدیداران کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے اے ڈویزن اور بی ڈویزن لیگ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو قرعہ اندازی کے ذریعے ہر ماہ دومکمل کٹ بیگ دینے کا بھی اعلان کیا۔

سیکریٹری کے سی سی اے شفیق کاظمی نے کہا کہ پروفیسر اعجاز احمد فاروقی کی قیادت میں کراچی کی کرکٹ کی باگ ڈور سنبھالی ہے اس وقت سے کراچی کی کرکٹ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور تمام زونز باقاعدگی سے اپنے آفیشل ٹورنامنٹس کا انعقاد کررہے ہیں جس میں کوئی انٹری فیس نہیں لی جارہی ہے اور گیندیں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔انھوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر زون چار کے عہدیداران کو مبارکباد دی ۔

تقریب سے زون چار کے صدر غلام رسول اور ابرار احمدنے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ندیم رازی ، سیکٹر انچارچ ملیرنیر رضا ، جوائنٹ سکیٹر انچارج ملیر اظہار احمد ، رازق حسین ربانی خازن کے سی سی اے، اقبال وارث نائب صدرکے سی سی اے ، سلیم کریم نائب صدرکے سی سی اے، محمد توصیف صدیقی، شہزاد عالم ، جمیل احمد، ظہیر الدین خان، ظفر احمد، اجمل نصیب ، خرم اشرف، ڈاکٹر عارف حفیظ ، نوید محبوب عظمی، سید شاہد علی ، ندیم الدین خان، افضل قریشی ، محمد رئیس، محمد یامین ، شوکت راجپوت ، حسین مرچنٹ ، امجد علی، نوشاد احمد، عادل سلطان، شہزاد عالم ، بشیر احمد ، سلیم عالم شاہ، سلمان احمد، شکیل صدیقی ، محمد فصیح ، انتظار احمد، عمران محمد، معراج الحق، سکندر شاہین ، راجہ آفتاب، فرحان راجو، اسد شاہ ، اختیا ر شاہ، فواد خان، شجاعت حسین ، ایس ایم اسحاق، محمد تقی، حسیب احسن، افضل خان اور، ڈاکٹر ظہور مہدی بھی موجود تھے۔

قبل ازیں کھیلے گئے فائنل میچ میں عظیم پورہ جیمخانہ کی پوری ٹیم 25اوورز میں 110رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔ محمد عثمان 28 اور صدف عباس نے 19رنز بنائے ۔ اعظم حسین نے 6کھلاڑیوں کو آؤ ٹ کیا جواب میں ملیر جیمخانہ نے مطلوبہ ہدف 21ویں اوور میں دو وکٹو ں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ محمد وقاص 59اور دانیال احسن نے 53رنز ناٹ آؤٹ اسکور کئے۔بعد ازاں مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی ساجد احمد اور صدر کے سی سی اے پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات اور دیگر آفیشلز میں شیلڈزبھی تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :