Live Updates

پشاور، تحریک انصاف نے برسر اقتدار آتے ہی ہنگامی بنیادوں پر اصلاحاتی اقدامات اٹھائے، ضیاء اﷲ آفریدی

منگل 28 اپریل 2015 21:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے معدنی ترقی ضیاء اﷲ آفریدی نے معدنی وسائل کو ملک و قوم کی بہتری کے لئے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جامع معدنی پالیسی مرتب کی ہے جس پر عمل درآمد سے نہ صرف معیشت کو استحکام ملے گا بلکہ صوبے میں روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت پیکج کے تحت نہ صرف معدنی سرگرمیوں کو وسعت دے رہی ہے بلکہ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کوفروغ دینے کے لئے بھی موثر اقدامات کر رہی ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے وفد کو صوبائی حکومت کی معدنی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوشش رہی ہے کہ مناسب وقت کے اندر صوبائی محکمہ جات کانہ صرف قبلہ درست کیا جائے بلکہ ترقی کی ایک دائمی حکمت عملی بھی وضح کی جائے یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف نے برسر اقتدار آتے ہی ہنگامی بنیادوں پر اصلاحاتی اقدامات اٹھائے اور صحت،تعلیم،پولیس اور صنعت جیسے اہم محکموں کو نئے خطوط پر استوارکرنے کی بنیاد رکھی گئی اور اپنے دلیرانہ اقدامات سے ثابت کیاکہ اگر ارادے مضبوط ہوں تو کوئی بھی طاقت تبدیلی کا راستہ نہیں روک سکتی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات