کراچی چیمبر کانیپال زلزے،پشاور میں طوفانی بارش سے ہلاکتوں پر اظہار تعزیت

منگل 28 اپریل 2015 21:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) کے صدر افتخار احمد وہرہ نے نیپال میں زلزلے سے ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ نیپال اور دیگر علاقوں کے متاثرین کی مدد کرے۔انہوں نے عالمی برادری خاص طور پر تمام پڑوسی حکومتوں اور عوام سے اپیل کی کہ نیپال کے متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہوں اور تباہ حال قوم اور عوام کی مدد کے لیے آگے آئیں۔

ہم سب کو دل و جان سے مدد کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہزاروں لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ نیپال میں لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں جنہیں فوری ریلیف فراہم کرنے اور بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نیپال کے عوام کی مشکلات کو دور کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت پاکستان کے بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان نے فوری طور پر امدادی اشیاء اور میڈیکل ٹیم کونیپال بھیج کراچھا کام کیا تاہم ریلیف کے کاموں پر خاص نظر رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ اگر مزیدریلیف درکار ہو تومصیبت کی اس گھڑی میں نیپالی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مزید اشیاء بھیجی جاسکیں۔

انہوں نے نیپالی عوام کو جلد سے جلد اسے صدمے اور دکھ سے نکلنے اور دوبارہ بحالی کی دعا بھی کی۔کے سی سی آئی کے صدر نے پشاور میں طوفانی بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کے سوگوار خاندان سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا جن کے پیارے اتوار کو طوفانی بارشوں کی تباہی کے نتیجے میں ان سے بچھڑ گئے۔انہو ں نے کہاکہ قدرتی آفات نے ہمارے نیپالی اور پشاور کے بھائیوں وبہنوں کو بری طرح متاثر کیا اور اب یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں۔