کراچی،سبین محمود کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، انتخاب عالم سوری

منگل 28 اپریل 2015 21:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) ہیومن رائٹس نیٹ ورک کراچی کے صدر انتخاب عالم سوری اور دیگر ممبران سید شہزاد مظہر ، طارق خان اور شگفتہ انیس انسانی حقوق کے لئے آواز اُٹھانے والی سبین محمود کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی ناکامی اور غفلت قرار دیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں عوام کے حقوق اور ان کے مفادات کے لئے کام کرنے والوں کو چن چن کر راستے سے ہٹایا جا رہا ہے اگر آج معاشرے میں مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی کسی بھی سطح پر داد رسی ہو رہی ہے اور ان کے مسائل حل ہو رہے ہیں اس کی وجہ سبین محمود اور ان جیسی دوسری شخصیات ہیں ۔

انتخاب عالم سوری اور دیگر ممبران نے کہا کہ سبین محمود ایک تعلیم یافتہ ، سُلجھی ہوئی اور پُر عزم خاتون تھیں ان کی خدمات تا دیر یاد رکھی جائیں گی اور یہ کہ سبین محمود جیسی شخصیات ہی معاشرے کی ضرورت ہیں ۔

(جاری ہے)

انتخاب عالم سوری نے سبین محمود کا قتل ملک دشمن عناصر کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے وہ عناصر جو ملک سے غربت ، جہالت ، اور پسماندگی کا خاتمہ نہیں چاہتے وہ سبین محمود جیسی شخصیات کو بھی برداشت نہیں کرتے ۔ انھوں نے کہا کہ بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑھ رہا ہے کہ آج پاکستان میں انسانی حقوق کے لئے جد و جہد کرنے والوں کو قتل کیا جا رہا ہے ۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ سبین محمود کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ۔

متعلقہ عنوان :