گوادر تا کاشغر روٹ کی بحالی بلوچستان ،کے پی کے کو ترقی و خوشحالی کی طرف لیجانے کیلئے بہترین موقع ثابت ہوگا،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی

منگل 28 اپریل 2015 21:22

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے بیان میں منظور شدہ گوادر تا کاشغر روٹ کے منصوبے کی مکمل طور پر پشت پناہی کرتے ہوئے کہا کہ منظور شدہ روٹ مختلف وجوہات کی بناء پر پورے ملک کے عوام کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔لاگت کے لحاظ سے گوادر سے براستہ ژوب، ڈی آئی خان سے ہوتا ہوا خیبر پختونخواہ کے راستے کاشغر تک کا تخمینی لاگت، بہ نسبت براستہ پنجاب کے نہایت ہی کم اخراجات ہونگے۔

کیونکہ گوادر سے براہ راست کاشغر کی طرف کا سفر بھی کم اور اسی مناسبت سے لاگت بھی کم ہونگے۔دوسری طرف سے منظورشدہ روٹ کی تکمیل سے چاروں صوبوں میں برابر کے اقتصادی خوشحالی پیدا ہوگی۔صوبہ بلوچستان کے عوام کیلئے جو کافی عرصے سے محرومیت کا شکار ہیں کافی حد تک معاشی خوشحالی،روزگار،ترقی اور سنٹرل ایشیاء سے درآمد و برآمد کرنے کے مواقع فراہم ہونگے۔

(جاری ہے)

گوادر تا کاشغر روٹ کی پھر سے بحالی سے بلوچستان اور کے پی کے جیسے پسماندہ صوبوں کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جانے کے لئے بہترین موقع ثابت ہوگا۔مذکورہ روٹ کو بدلنے سے بلوچستان کے عوام کے ساتھ سراسر بے انصافی ہوگی اور ملک کیلئے بھی یہ فیصلہ غلط ثابت ہوگا۔دہشت گردی کی وجوہات میں ایک بڑی وجہ بیروزگاری بھی ہے،سابقہ گوادر تا کاشغر روٹ کو دوبارہ بحال کرنے سے ایک طرف سے صوبے کے اقتصاد میں بہتری آئے گی اور دوسری طرف سے کسی حد تک دہشت گردی کو بھی لگام دیا جاسکتاہے۔

بیان میں حکومت سے امید ظاہر کی گئی کہ اس روٹ کو بدلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے سابقہ منظور شدہ گوادر تا کاشغر روٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کریں تاکہ بلوچستان میں احساس کمتری میں مبتلا عوام کیلئے امید کی نئی کرنیں پیدا ہونگے۔

متعلقہ عنوان :