دینی مدارس اصلاح معاشرہ کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں،قاری محمد عثمان

یکم مئی کو تحفظ ناموس رسالت ،تحفظ حرمین شریفین و دینی مدارس ریلی میں دس لاکھ سے زائد فرزندان اسلام شرکت کرینگے، رہنماء جے یو آئی

منگل 28 اپریل 2015 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ حرمین شریفین کا دفاع ہر مسلمان پر فرض ہے۔ دینی مدارس اصلاح معاشرہ کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ یکم مئی کو تحفظ ناموس رسالت ،تحفظ حرمین شریفین و دینی مدارس ریلی میں دس لاکھ سے زائد فرزندان اسلام شرکت کریں گے۔ رہنماء و کارکن رابطہ عوام مہم تیز کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ تعلیم القرآن سعید آباد میں دستار فضلیت کانفرنس سے خطاب اور ضلع سینٹرل کے مدارس جامعہ رحمانیہ بفرزون جامعہ امام محمد اور دیگر مدارس کے دورے کے دوران علماء کرام اور ارباب مدارس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مولانا عمر صادق ، مولناعبدالرشید نعمانی ، مولانا عطاء الرحمن رحمانی ، ڈاکٹر عطاء الرحمن خان ، قاضی امین الحق آزاد ، مولانا محمد طالوت ، لطیف الرحیم، مولانا سعید الرحمن ، مولناجلال محمد اختر اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

قاری محمد عثمان نے کہا کہ یہ دینی مدارس کا فیضان ہے کہ ہر سال ان اداروں سے فارغ ہونے والے علماء کرام قوم کی دینی ،اخلاقی ،مذہبی ، سماجی ، رہنمائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت دینی مدارس کا تعلق دہشت گردی سے جوڑا جا رہا ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ دینی مدارس اصلاح معاشرہ کے لئے شب روز جدو جہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران مغربی تہذیب کے علمبرداروں کے بجائے دینی مدارس کی سرپرستی کریں۔

اور دین و مدارس کے خلاف اقدامات سے باز آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ حرمین شریفین ہر مسلمان پر فرض ہے ۔اور اگر خدا نخواستہ دنیا کہ کسی بھی ملک میں حرمین شریفین پر حملے کی جسارت کرنے کی کوشش کی تو امت مسلمہ حرمین کے دفاع کے لئے اپنا سب کچھ لٹا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ یکم مئی کو تحفظ ناموس رسالت تحفظ حرمین و دینی مدارس ریلی کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

کراچی کے تمام اضلاع اور یونین کونسلوں میں مقامی قیادت اور کارکن سرگرم عمل ہیں۔ان شاء اﷲ اس تاریخی ریلی میں دس لاکھ سے زائد فرزندان اسلام شرکت کریں گے۔ انہوں نے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران کارکنوں کو حکم دیا کہ وہ رابطہ مہم مزید تیز کریں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مدارس کے خلاف منفی پروپیگنڈا اور اقدامات کا سلسلہ بند اور جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو شہید کے سفاک قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔