خواتین کے تحفظ کیلئے یہ بل ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا جو دوررس سماجی اثرات کا حامل ہے‘حمیدہ وحید الدین

وویمن پروٹیکشن آفیسر کا تقرر کیا جائے گا جوپولیس کی مدد سے متاثرہ خواتین کی فوری مدد وبحالی کر سکیں گی‘ صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین

منگل 28 اپریل 2015 21:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء ) وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین اور وزیر برائے بہبود آبادی پنجاب ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ تشدد کا شکار خواتین کے تحفظ کا بل 2015 متعلقہ محکموں کی مشاورت کے بعد حتمی منظوری کے بعد بہت جلد محکمہ قانون کو بھیجا جارہا ہے۔وہ یہاں ایس اینڈ جی اے ڈی کے کمیٹی روم میں اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کررہی تھیں جس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ ترقی خواتین راشدہ یعقوب،اراکین پنجاب اسمبلی فرحانہ افضل،ڈاکٹر عالیہ آفتاب،سوشل ویلفیئر،قانونی کے سیکرٹری،ایڈیشنل سیکرٹری ،سی ایم سیکرٹریٹ عنبرین ساجد،مشیر سلمان صدیق اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں بل کے چند نکات پرکابینہ کے تحفظات کے بعد اہم ترامیم پر تفصیلی غور کیا گیا اور متعلقہ محکموں کی مشاورت کے بعد اسے حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بل میں خواتین کے تحفظ،فوری داد رسی ،فلاح اور قانونی کارروائی کو اہمیت دی گئی ہے۔اس کا بنیادی مقصد تشدد کا شکار خواتین کو فوری ریلیف فراہم کرکے ان کی بحالی کے لئے اقدامات کرنا ہے۔انہوں نے کہا خواتین کے تحفظ کے لئے یہ بل ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا جو دوررس سماجی اثرات کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وویمن پروٹیکشن آفیسر کا تقرر کیا جائے گا جوپولیس کی مدد سے متاثرہ خواتین کی فوری مدد وبحالی کر سکیں گی۔