ٹی این ایف جے کے صوبائی رہنما سردارعابد حسن قزلباش کو سپرد ِخاک کر دیا گیا

حکومت ہماری شریفانہ پالیسی کو کمزوری نہ سمجھے ،دہشتگردی بند کرائی جائے،کالعدم گروپوں کو آہنی شکنجے میں جکڑے بغیر امن کا خواب شرمندہ تعبیرنہیں ہو گا،علامہ قمر زیدی

منگل 28 اپریل 2015 21:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء)گزشتہ روز پشاور میں دہشتگردو ں کے ہاتھوں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے تحریک نفا ذفقہ جعفریہ خیبر پختونخوا کے سردار عابد حسن قزلباش شہید کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں ،سسکیوں اور نوحہ خوانی سے سپرد ِخاک کر دیا گیاوہ صوبائی صدر سردار ابو الحسن قزلباش کے بھائی تھے ۔تحریک کے صوبائی ترجمان کے مطابق شہید عابد حسن کا جنازہ محلہ مروی ہا سے اٹھایا گیا تو کہرام مچ گیا ۔

اس موقع پر شہر کی نوحہ خوان تنظیموں نے نوحہ خوانی کی ۔نمازِ جنازہ امامبارگاہ حاجی ملک رحمن کے عقب میں بر لب سڑک ادا کی گئی ۔قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے نمائندہ خصوصی مفتی سید باسم زاہری نے نمازِجنازہ پڑھائی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکائے جنازہ سے خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمر حیدر زیدی نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا پیغام پیش کیا جس میں انہوں نے سردار عابد حسن قزلباش کے سفاکانہ قتل کی پر زور مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہادت ہماری میراث ہے اور دہشتگردی کے واقعات ہمیں راہ حسینیت سے ہر گز نہیں ہٹا سکتے ۔

انہوں نے سرکاری طور پر کالعدم قرار دیئے گئے انتہا پسند گروپوں کی نئے ناموں سے سرگرمیوں ،حکمرانوں و سیاستدانوں کے ساتھ ان کے رابطوں اور میڈیا کی جانب سے ان دہشتگردوں کو دی جانے والی کوریج کا شاخسانہ اورآپریشن ضرب عضب سے بوکھلائی ہوئی قوتوں کی کارستانی قراردیاہے، جویمن بحران کا فائدہ اٹھا کر بلوں سے باہر نکل آئے ہیں اور زخمی بھیڑیوں کی طرح خون کی ہولی کھیل رہے ہیں ۔

ا نہوں نے واضح کیا کہ شہادت ہماری میراث ہے ہم سب مارے جا سکتے ہیں مگروطن کے ٹکڑے نہیں ہونے دیں گے ۔ٹی این ایف جے کے مرکزی وفد کے سربراہ ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سید شجاعت علی بخاری نے اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پر امن رہیں اور سنی شیعہ اتحاد سے دشمن کی سازش کو ہمیشہ کی طرح ناکام کردیں ۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ہماری خاموشی کو ہر گز کمزوری نہ سمجھے ہمیں فقط وطن کی بقا و سلامتی عزیز ہے اگر پشاور میں قتل و غات گردی پر قابو نہ پایا گیا تو ہم کوئی بڑا لائحہ عمل دینے پر مجبور ہونگے۔

انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ دہشتگردی کا واحد حل یہ ہے کہ سرکار طور پر کالعدم قراردئیے گئے دہشتگرد گروپوں کا مکو باندھا جائے ،حکومت و اپوزیشن انہیں اپنے دائیں بائیں بٹھانے اور میڈیا انہیں کوریج دینا بند کرے ۔انہوں نے پشاور ،کوئٹہ سمیت تمام متاثرہ شہروں میں فوری سرچ آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا اور حکومت ِخیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا کہ صوبے میں دہشتگردی سے پیدا ہونے والی خطرناک صورتحال کا سد باب کرے اور ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے بیگناہ شہریوں کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے تک پہنچائے اور متاثرہ خاندانوں کی داد رسی کرے ۔

نمازِ جنازہ میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے نمائندہ مرکزی وفد نے شرکت کی تحریک کے سیکرٹری جنرل سید مظہر علی شاہ ایڈووکیٹ ،علامہ گفتار صادقی ،علامہ اجلال حیدر الحیدری ،ذو الفقار علی راجہ ،نعیم کاظمی ،کاشف کاظمی وفد میں شامل تھے۔تدفین میں ٹی این ایف جے کے صوبائی ،ڈویژنل ،ضلعی عہدیداران کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔تمام مکاتب فکر کی مقتدر شخصیات ،مذہبی و ماتمی ،سماجی وسیاسی تنظیموں کے رہنما بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔