Live Updates

دو رکنی الیکشن کمیشن چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد مکمل طور پر تحلیل ہو چکا ہے،شیریں مزاری

اپنے مقصد کی تکمیل کے بعد دو رکنی کمیشن کی باقاعدہ تحلیل کے باوجود چہ مگوئیاں انتہائی بد قسمت اور افسوسناک ہیں،ترجمان تحریک انصاف

منگل 28 اپریل 2015 20:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہاہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن سے سامنے آنے والی شکایات کی تحقیقات کیلئے قائم کیا گیا دو رکنی الیکشن کمیشن چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد مکمل طور پر تحلیل ہو چکا ہے،چنانچہ اپنے مقصد کی تکمیل کے بعد دو رکنی کمیشن کی باقاعدہ تحلیل کے باوجود میڈیا کے مختلف حلقوں کی جانب سے اس امر پر مسلسل چہ مگوئیاں انتہائی بد قسمت اور افسوسناک ہیں۔

مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات کا کہنا ہے کہ الیکشن ٹربیونل کو انٹرا پارٹی الیکشن کے دوران سامنے آنے والی شکایات کی جانچ کیلئے تشکیل دیا گیا تھا، جو کہ اپنا کام مکمل ہونے پر تحلیل ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ الیکشن ٹربیونل نے از خود تمام مقدمات نمٹانے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف کو اس حوالے سے آگاہ کیا تاہم بد قسمتی سے ٹربیونل کی جانب سے پارٹی کے دیگر تنظیمی معاملات میں اس کی مداخلت جاری رہی جو کہ اس کے دائرہ اختیار سے باہر تھی تاہم جموریت اور برداشت کے اصولوں کومد نظر رکھتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے نئے چیف الیکشن کمیشن جس کی یہ ذمہ داری لگائی گئی ہے کہ وہ بتائے کہ کب تک پارٹی میں نئے انتخابات کا انعقاد ممکن ہے کی تشکیل سمیت دیگر تجاویز منظور کیں۔

ان کے مطابق نئے CECکے تحت ممبر شپ کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ مطلوبہ کوائف جمع کیے جا سکیں۔تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی آئین کے تحت خاص مقصد کیلئے الیکشن ٹربیونل قائم کیا گیا تھا جسے تحلیل کرنے کا چیئرمین تحریک انصاف پورا اختیار رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے آئین کے تحت فعال جماعت نہ کہ ایک ریاست ہے جہاں انتظامیہ اور عدلیہ کے دائرہ اختیار کو الگ کیا جا سکے۔

ان کے مطابق تحریک انصاف میں کوئی مستقل عدالتی سٹرکچر موجود نہیں جو کہ پارٹی اور سیاسی قیادت سے ماوراء اپنے فرائض سرانجام دینے کا اختیار رکھتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے مختلف مقاصد کے لئے کمیشن کمیٹیاں اور ٹربیونلز بنائے جا سکتے ہیں جنہیں تحلیل کرنا بھی چیئرمین کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل خود اس بات کا اعتراف کر چکا ہے کہ ان اس کی رپورٹ پر حتمی فیصلے کا اختیار چیئرمین تحریک انصاف کو حاصل ہے اور خود ٹربیونل نے چیئرمین تحریک انصاف کی حیثیت کا موازنہ خود قائد اعظم کو مسلم لیگ میں حاصل مقام سے کیا ہے۔

اپنے بیان میں تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کا الیکشن ٹربیونل تحلیل ہو چکا ہے اور اس کی مزید کوئی حیثیت باقی نہیں، چنانچہ میڈیا کو اس سے احتراض برتنا چاہیے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات