وزیر دفاع سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات ٗ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

پاکستان کے عوام اور مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں ٗوزیر دفاع خواجہ آصف دونوں ممالک تربیت اور دوطرفہ دوروں میں اضافہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں ٗ کینیڈین ہائی کمشنر

منگل 28 اپریل 2015 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے کینیڈا کی ہائی کمشنر ہیتھر کروڈن نے منگل کو یہاں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیر دفاع نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی علاقہ کی ترقی کیلئے کینیڈا کی حکومت کے منصوبے جی ایٹ بارڈر پراسپیرٹی کو سراہا۔ اس منصوبہ کے تحت پشاور اور جلال آباد کے درمیان ایکسپریس وے اور ریلوے لائن کیلئے فزیبلٹی بنائی جائے گی۔

انہوں نے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کی امداد پر کینیڈا کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ خواجہ آصف نے عسکریت پسندی سے متعلقہ علاقوں کی تعمیر نو و بحالی کے عمل میں کینیڈا کی طویل مدت شراکت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور وہ دنیا کو اس لعنت سے بچانے کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع نے خطہ میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے تمام بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ کینیڈا کی ہائی کمشنر نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک تربیت اور دوطرفہ دوروں میں اضافہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔

خواجہ آصف نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت کے فروغ کے حوالہ سے پاکستان کو درپیش بعض مشکلات کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ دفاعی تعاون سے متعلق امور کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھایا جائیگا۔ کینیڈا کی ہائی کمشنر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے صف اول کے کردار کو سراہا اور پاک فوج اور پاکستان کے عوام کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج آپریشن ضرب عضب میں کامیابی حاصل کریں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عسکریت پسندی کے خلاف جنگ اور دنیا کو دہشت گردی سے بچانے کیلئے پاکستان کی کاوشیں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔